لائبریریاں زندہ معاشروں کی پہچان ہوتی ہیں ،جن معاشروں میں کتابوںکی اہمیت ختم ہوجاتی ہے، وہاں شعور اپنی موت آپ مرجاتا ہے

اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز کی مجلس علمی کراچی کے دورہ کے موقع پر گفتگو

جمعرات 26 اپریل 2018 23:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 اپریل2018ء) اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہاہے کہ لائبریریاں زندہ معاشروں کی پہچان ہوتی ہیں ۔ جن معاشروں میں کتابوںکی اہمیت ختم ہوجاتی ہے، وہاں شعور اپنی موت آپ مرجاتا ہے۔ وہ گزشتہ روز پاکستان کے قدیم اور تاریخی ادارہ مجلس علمی کراچی کے دورہ کے موقع پر گفتگو کررہے تھے ۔

پاکستان مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کے سابق چیئر مین اور مجلس علمی فاؤنڈیشن کے ایگزیکٹیو ڈائیریکٹر ڈاکٹر عامر طاسین نے اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز کو مجلس علمی کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ مجلس علمی برصغیر ایشیا میں اشاعت علم حدیث کے حوالے سے نامور اور تاریخی ادارہ ہے جس نے نایاب احادیث پر مبنی کتب کو تحقیق و تخریج کے ساتھ شائع کیا ہے۔

(جاری ہے)

ادارہ مجلس علمی ہندوستان میں ۱۳۹۱ء میں اُس وقت کے نامور علمائے کرام کی زیر نگرانی قائم کیا گیا تھا ۔پاکستان بننے کے بعد ۲۵۹۱ء میں کراچی منتقل کر دیا گیاتھا۔اس عظیم ادارہ کی سر پرستی میں مولانا موسیٰ محمدمیاں،علامہ انور شاہ کاشمیری، علامہ شبیر احمد عثمانی، ڈاکٹر حمید اللہ، مولانا ادریس میرٹھی،حبیب الرحمن اعظمی، مولانا ابو الوفا افغانی ، علامہ یوسف بنوری اورعلامہ محمد طاسین جیسی علمی شخصیات کے نام شامل ہیں۔

مجلس علمی فاؤنڈیشن کو پاکستان میں اڑسٹھ سال جب کہ ادارے کے قیام کو سو سال ہونے کوہیں ۔ مجلس علمی نے اب تک تین سو زائد محققین طلبہ و طالبات ایم فل،پی ایچ ڈی کے مقالہ کی تیاری اور بے شمار نامور علمائے کرام نے اپنی تحقیق کے لیے ا س لائبریری سے استفادہ کر چکے ہیں۔ اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیے اس ادارے میں آنا کسی سعادت سے کم نہیں ہے اور ایسے ادارے ز ندہ معاشروں کی پہچان ہوتی ہیں ۔

جن معاشروں میں کتابوںکی اہمیت ختم ہوجاتی ہے وہاں شعور اپنی موت آپ مر جاتا ہے۔مجلس علمی چونکہ ایک تاریخی علمی ادارہ ہے اور اس حوالے سے اسلامی نظریاتی کونسل ہر ممکن تعاون کرے گی۔ مجلس علمی کے ا یگزیکٹیو ڈائیریکٹر ڈاکٹر عامر طاسین نے ا سلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایازکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ لائبریریوں کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں اور سر پرستی کریں۔