بھارت، شمس الدین قتل کیس،10افراد کو عمر قید اور 14,14ہزار روپے جرمانہ کی سزا، جرمانہ بیوہ کو ادا کیا جائیگا

جمعرات 26 اپریل 2018 23:31

بوکارو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 اپریل2018ء) بھارتی علاقے جھاڑ کھنڈ میں قتل کئے جانے والے شمس الدین کے قتل میں ملوث 10افراد کو عمر قید اور 14,14ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنا دی گئی،جرمانے کی رقم مرحوم کی بیوہ کو ادا کی جائے گی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بچہ چوری کے شبہ میں گزشتہ سال 4اپریل کو جھار کھنڈ کے ضلع بوکارو کے نراگائوں میں شمس الدین انصاری کوہجوم نے حملہ کرکے ہلاک کردیا تھا۔

(جاری ہے)

معاملے کی سماعت کرتے ہوئے عدالت نے 10ملزمان کو عمر قید اور 14،14ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔واضح ہو کہ شمس الدین کے سالے کی بیوی نظام الدین بی بی نے چندر پورہ تھانے میں کیس درج کرایا تھا جس کی سماعت کرتے ہوئے گزشتہ روزتینوگھاٹ کے ایڈیشنل سیشن جج (دوم) غلام حیدر نے وڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ملزمان کیخلاف عمر قید کی سزا سنائی۔استغاثہ کی جانب سے وکیل سنجے کمار سنگھ نے بحث کرتے ہوئے ملزمان کو سخت سزا دینے کی گزارش کی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ جرمانے کی رقم متاثرہ خاندان کو دینے کا حکم دیا گیا ہے۔