پاکستانی سفارت خانے میں قائم ایرانی مفادات مرکز میں مسلح شخص کی آمد

خفیہ ایجنٹس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مسلح شخص کو حراست میں لیا،حکام

جمعرات 26 اپریل 2018 23:14

پاکستانی سفارت خانے میں قائم ایرانی مفادات مرکز میں مسلح شخص کی آمد
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 اپریل2018ء) پاکستانی سفارت خانے میں قائم ایرانی مفادات مرکز میں مسلح شخص داخل ہو گیا،خفیہ ایجنٹس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مسلح شخص کو حراست میں لیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی خفیہ سروس حکام کا کہنا ہے کہ واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے میں قائم ایرانی مفادات مرکز سے ایک مسلح شخص کو حراست میں لیا گیا ہے۔

یاد رہے ایران میں 1979 کو شاہ کا تختہ الٹنے کے بعد رونما ہونے والے انقلاب کے بعد امریکا نے تہران سے سفارتی تعلقات منقطع کر لئے تھے۔ ایسے ملک جن سے ایران کے سفارتی تعلقات نہیں وہاں بالواسطہ سفارتکاری کا سہارا لیتا ہے۔ واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانہ بھی ایران اور امریکا کے درمیان ایسی ہی بالواسطہ سفارتکاری کی سہولت فراہم کرتا ہے۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں خفیہ سروس حکام نے بتایا کہ ایرانی مفادات مرکز میں فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی خفیہ ایجنٹس نے فوری کارروائی کی جس دوران تصدیق ہوئی کہ مسلح حملہ آور نے کوئی گولی نہیں چلائی۔ تاہم اس کارروائی میں ایک نامعلوم مسلح شخص کو حراست میں لے لیا گیا، اس کے خلاف حملے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔حکام نے ابھی تک گرفتار کئے جانے والے شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی۔

ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی "ایرنا" نے اپنی ویب سائٹ پر مخصتر دورانئے کا ویڈیو کلپ پوسٹ کیا ہے جس میں دکھائے جانے مناظر سے لگتا ہے کہ وہ سیکرٹ سروس کے مسلح افراد کے ہیں جو زمین پرگرائے گئے مشتبہ شخص پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ایرنا کے مطابق مسلح شخص اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف نعرہ بازی کر رہا تھا، تاہم اس کی مزید تفصیل نہیں بتائی گئی۔ جس عمارت میں یہ واقعہ پیش آیا وہاں بھارت اور میکسیکو سمیت متعدد ملکوں کے قونصل خانے موجود ہیں۔