وزیر اعلی شہباز شریف کی ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کی 92 ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت

برطانوی ہائی کمشنر تھامس اینڈریو کے ساتھ لاہور کے مقامی ہوٹل میں کیک کاٹا اور انہیں کیک کھلایا وزیر اعلیٰ پنجا ب نے پاکستان بالخصوص پنجاب کے عوام کی جانب سے ملکہ برطانیہ کی سالگرہ پر مبارکباد کا پیغام دیا دوستی کو مزید مضبوط کرنے کے خواہاں ہیں ، پاؤنڈز نہیں ٹیکنالوجی اور تعلیم و صحت میں معاونت چاہتے ہیں ‘شہباز شریف ملکہ برطانیہ پاکستان کے بارے میں ہمیشہ نیک خواہشات رکھتی ہیں ، شہباز شریف کی لیڈر شپ میں پنجاب شاندار ترقی کر رہا ہے‘ تھامس اینڈریو

جمعرات 26 اپریل 2018 23:12

وزیر اعلی شہباز شریف کی ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کی 92 ویں سالگرہ کی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2018ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے مقامی ہوٹل میں ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کی 92 ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کی اور برطانوی ہائی کمشنر تھامس اینڈریو کے ساتھ مل کر ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کی سالگرہ کا کیک کاٹا۔ وزیر اعلی نے مہمانوں کی تالیوں کی گونج میں برطانوی ہائی کمشنر کو کیک کھلایا۔

وزیر اعلی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکہ برطانیہ کی 92 ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کو اعزاز سمجھتا ہوں - ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کی قیادت میں دولت مشترکہ ممالک ترقی و استحکام کی جانب گامزن ہیں ۔ برطانوی حکومت نے برصغیر میں ریلوے اور آئین سازی جیسی خدمات سرانجام دیں ۔ پاک برطانیہ دوستی کی اہمیت سے آگاہ ہیں اور اسے مزید مضبوط کرنے کے خواہاں ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ اہل برطانیہ نے ڈیفڈ کے ذریعے تعلیم اور صحت کے شعبے میں پائیدار معاونت فراہم کی ۔ پاؤنڈز نہیں ، برطانیہ سے ٹیکنالوجی ، فنی مہارت اور تعلیم و صحت کے شعبے میں معاونت چاہتے ہیں ۔ پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر تھامس اینڈریو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکہ برطانیہ پاکستان جیسے شاندار ملک کی اہمیت سے آگاہ ہیں اور اس کے بارے میں ہمیشہ نیک خواہشات رکھتی ہیں ۔

پاک برطانیہ تعلقات سات دہائیوں کے سفر کے بعد دوسری جنریشن میں منتقل ہو رہے ہیں ۔ تھامس اینڈریو نے کہا کہ شہباز شریف کی لیڈر شپ میں پنجاب شاندار ترقی کر رہا ہے ۔ شہباز شریف کی ترجیحات میں ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کا اولین ہونا خوش آئند امر ہے جس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے ۔ برطانیہ پاکستان جیسے شاندار دوست کی سلامتی اور استحکام کا خواہاں ہے۔

پاکستان کے موجودہ الیکشن بے حد اہمیت کے حامل ہیں ۔ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کیک کاٹنے کے بعد تقریب کے شرکاء میں گھل مل گئے۔ انہوںنے حاضرین سے فردا فردا مصافحہ کیا اور احوال دریافت کرتے رہے ۔ اس موقع پر مہمانوں نے وزیر اعلی کے ساتھ سیلفیاں بنوائیں ۔وزیر اعلی تقریب کے بعد باہر نکلے تو ہوٹل میں موجود مہمان ان سے مصافحہ کرتے رہے ۔