حکومت سندھ صوبے میں پہلی مرتبہ 7مئی کو یوتھ پالیسی کا اعلان کرے گی، وزیر اطلاعات سندھ

اس پالیسی کا مقصد نوجوانوں کی صلاحیتوں کو سامنے لانا ہے کہ کس طرح نوجوان اپنے شعبوں میں آگے آسکتے ہیں، آرٹس کونسل میں خطاب

جمعرات 26 اپریل 2018 23:08

حکومت سندھ صوبے میں پہلی مرتبہ 7مئی کو یوتھ پالیسی کا اعلان کرے گی، ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2018ء) صوبائی وزیر اطلاعات وٹرانسپورٹ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ حکومت سندھ صوبے میں پہلی مرتبہ 7مئی کو یوتھ پالیسی کا اعلان کرے گی۔ جس میں ہر شعبہ کے باصلاحیت نوجوانوں کو بہت ساری سہولتیں اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کئے جائیں گے جس کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ اس پالیسی کا مقصد نوجوانوں کی صلاحیتوں کو سامنے لانا ہے کہ کس طرح نوجوان اپنے شعبوں میں آگے آسکتے ہیں اور سندھ حکومت یوتھ کی کس کس شعبے میں کیسے مدد کرسکتی ہے۔

یہ بات انہوں نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں انڈس ویلی اسکول سے فارغ التحصیل 5طالبات دانیہ شاہ، راحمہ جنید، شیزہ حئی، انوشہ حسن اور نمرہ ندیم کی تصویروں کی نمائش کے افتتاح کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

سید ناصر حسین شاہ نے کہاکہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی سندھ کے رہنے والوں کے لئے ثقافتی طور پر ایک اہم رول ادا کررہا ہے۔ محمد احمد شاہ جس طرح آرٹس کونسل میں کام کررہے ہیں یہ انہی کا وژن ہے کہ آرٹس کونسل اپنی ثقافتی سرگرمیوں کی وجہ سے دنیا بھر میں ایک پہچان بنارہا ہے۔

میں نے تمام تصاویر دیکھی ہیں ۔ طالبات نے بہت اہم ایشو کو اٹھایا ہے ۔ اس سے ان طالبات کے وژن کا پتہ چلتا ہے۔ میں طالبات کو اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔حکومت سندھ کی طرف سے ان نوجوان آرٹسٹوں کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہاکہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین کا وژن ہے کہ یوتھ کو پرموٹ کیا جائے اس کے لئے ہم نے صوبے میں پالیسی بنائی اور اس میں یوتھ کے تمام مسائل کو مد نظر رکھا ہے۔

آرٹس کونسل کے صدر محمد احمد شاہ نے کہاکہ آرٹس کونسل میوزک اور تھیٹر کے لئے بہت کام کررہا ہے ابھی ہم نے ایک نیا آرٹ اسکول قائم کیا ہے جس میں 100طلبہ کو اسکالر شپ دی ہے۔ آرٹس کونسل کا مقصد فنکاروں کی پرموشن ہے اور اس کے لئے ہم کام کررہے ہیں کیونکہ فنکار پوری دنیا میں اپنے کام کے ذریعے ملک کا مثبت امیج پیش کرتے ہیں اور اسی وجہ سے آرٹس کونسل کو پوری دنیا میں آرٹ اور فن کے حوالے سے جانا اور پہچانا جاتا ہے۔

اس نمائش میں 5طالبات کی 58تصاویر رکھی گئی ہیں ۔یہ نوجوان آرٹسٹ ہیں یہ ان کی پہلی نمائش ہے آرٹس کونسل نوجوان آرٹسٹوں کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کرتی ہے۔ آرٹسٹ دانیہ شاہ، راحمہ جنید، شیزہ حئی، انوشہ حسن اور نمرہ ندیم نے کہاکہ آرٹس کونسل کی یہ اچھی روایت ہے کہ وہ نئی آرٹسٹوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے ہماری آج پہلی نمائش ہے ہمیں بہت خوشی ہورہی ہے ہم احمد شاہ اور آرٹس کونسل کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہمارے لئے اس نمائش کا انعقاد کیا۔