انڈسٹری مالکان کو کسی بھی قسم کی صنعت لگانے کیلئے پابندیوں سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے،شیخ علائو الدین

جمعرات 26 اپریل 2018 22:45

لاہور۔26 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) صوبائی وزیر صنعت‘ تجارت و سرمایہ کاری شیخ علائو الدین نے کہا ہے کہ محکمہ صنعت کی حالیہ پالیسی کے تحت انڈسٹری مالکان کو کسی بھی قسم کی صنعت لگانے کیلئے پابندیوں سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے‘ محکمہ کو مالی سال 2015-16ء اور 2016-17ء میں بالترتیب 3773.658 ملین روپے اور 13145.141 ملین روپے جاری کئے گئے تھے‘ حالیہ پالیسی کے تحت محکمہ صنعت ایک سہولت کار کا کردار ادا کر رہا ہے۔

وہ پنجاب اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران محکمہ صنعت و تجارت و سرمایہ کاری سے متعلق پوچھے گئے سوالوں کے جواب دے رہے تھے۔ احسن ریاض فتیانہ کے سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے بتایا کہ محکمہ صنعت و تجارت و سرمایہ کاری کے فرائض میں انڈسٹری مالکان کو مفید معلومات فراہم کرنا اور صنعتوں کے فروغ کیلئے ان کی رہنمائی کرنا شامل ہے جبکہ انڈسٹری مالکان کے مسائل اور ان کے حل کیلئے مثبت تجاویز کو حکومتی سطح تک پہنچانا بھی شامل ہے‘ انہوں نے بتایا کہ ٹیوٹا کے زیر اہتمام صوبہ بھر میں 397 ادارے کام کر رہے ہیں‘ گورنمنٹ آف پنجاب کے رولز کے مطابق ان اداروں کے تمام ملازمین کو تنخواہ و دیگر الائونس دیئے جاتے ہیں جبکہ ہسپتالوں میں علاج کی سہولت بھی میسر ہے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں صوبائی وزیر ترقی خواتین حمیدہ وحید الدین نے ڈاکٹر نوشین حامد کے سوال کے جواب میں بتایا کہ ڈسٹرکٹ انفورسٹمنٹ آف ان ہیری ٹینس رائٹس کمیٹی جو خواتین کے وراثتی حقوق کیلئے بنائی ہیں‘ پنجاب کے تمام اضلاع میں تشکیل دیدی گئی ہیں‘ مذکورہ کمیٹی بورڈ آف ریونیو کے جاری کردہ تحریری نوٹس کے تحت پانچ ممبران پر مشتمل ہوتی ہیں‘ صوبائی وزیر نے انکشاف کیا کہ 15 اضلاع میں کسی بھی خاتون نے مذکورہ کمیٹی میں کوئی بھی شکایت درج نہیں کرائی۔