صوبہ میں تعلیم کے فروغ میں نجی شعبہ کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے، گورنر سندھ

اعلیٰ تعلیم کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں کیونکہ حکومت ملکی تعمیر و ترقی میں تعلیم یافتہ افرادی قوت کی اہمیت سے بہ خوبی آگاہ ہے ، تقریب سے خطاب

جمعرات 26 اپریل 2018 22:44

صوبہ میں تعلیم کے فروغ میں نجی شعبہ کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے، ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ تحقیق پر مبنی تعلیم وقت کی اہم ضرورت ہے جبکہ صوبہ میں تعلیم کے فروغ میں نجی شعبہ کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے، اعلیٰ تعلیم کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا تعلیمی میدان میں ترقی سے ہی معاشی و اقتصادی میدان میں ترقی حاصل کی جاسکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسراء یونیورسٹی اور محمد علی جناح یونیورسٹی میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں کیش ایوارڈز اور تعریفی اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت تعلیم کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے کیونکہ ہم ملکی تعمیر و ترقی میں تعلیم یافتہ افرادی قوت کی اہمیت سے بہ خوبی آگاہ ہیں ، حکومت اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لارہی ہے اس ضمن میں تعلیم کو دور حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے عملی اقدامات بھی کئے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے اپنے خطاب میں زمانہ طالب علمی کے واقعات کا تذکرہ بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ طالب علمی کا سنہری دور انسان کو عمر کے ہر حصہ میں اس کی یاد آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس مقام پر اپنے اساتذہ کی تربیت کے باعث ہی پہنچنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام کی ترقی اعلیٰ تعلیم کے حصول میں پنہاں ہے، جدید تحقیق و تعلیم سے ہم کامیابی کی جانب سفر کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسراء یونیورسٹی اور محمد علی جناح یونیورسٹی ملک کے دو ممتاز تعلیمی ادارے میں جہاں کے طالب علم آج ملک و قوم کا نام دنیا بھر میں روشن کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں جامعات سے فارغ التحصیل افراد ملک سمیت دنیا بھر میں اہم عہدوں پر تعینات ہیں جوکہ قابل تحسین بات ہے۔ انہوں نے سی پیک کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ جون 2013 میں چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے بارے میں عوام میں آگاہی نہیں تھی لیکن آج ہر فرد کی زبان پر سی پیک کا نام ہے۔ سی پیک کی بدولت تھر کے کوئلے سے بجلی کی پیداوار کے منصوبے لگائے گئے ہیں جو کہ تھر کے باسیوں کو روزگار ، صحت و تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ان کے معیار زندگی کو بہتر بنانے میں معاون و مدد گار ثابت ہورہے ہیں۔

سی پیک پاکستان کی اقتصادی و معاشی ترقی کے لئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کی بدولت آپ جیسے ذہین طلبہ و طالبات اپنی پیشہ ورانہ زندگی بہتر انداز سے شروع کرسکتے ہیںکیونکہ منصوبے کے ذریعے دنیا کی تاریخ میںپہلی بار کسی دو ممالک میں 62 بلین ڈالرز کی سرمایہ کاری ممکن ہوگی۔ گورنر سندھ نے نمایاں پوزیشن کرنے والے طالب علموں اور ان کے والدین کو بھی مبارکباد دی ۔

اس موقع پر محمد علی جناح یونیورسٹی کے ڈین فیکلٹی آف بزنس ایڈمنسٹریشن ڈاکٹر شجاعت مبارک اور اسراء یونیورسٹی کراچی کیمپس کے پرنسپل ڈاکٹر محمد آصف نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں اسراء یونیورسٹی کے 6 جبکہ محمد علی جناح یونیورسٹی کے 14 ذہین طالب علموں میں گورنر سندھ نے کیش ایوارڈز او ر تعریفی اسناد تقسیم کئے۔