کسی بھی معاشرے کی ترقی میں تعلیم یافتہ خواتین کا اہم کردار ہوتاہے،وزیراعلی بلوچستان

جب تک ہماری بچیاں پڑھ لکھ نہیں لیتی تب تک ہمارا معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا، حکومت صوبے میں بچیوں کو معیاری اور جدید تعلیم کی فراہمی میں کوئی کسر نہیں اٹھارکھے گی، میر عبدالقدوس بزنجو

جمعرات 26 اپریل 2018 22:44

کسی بھی معاشرے کی ترقی میں تعلیم یافتہ خواتین کا اہم کردار ہوتاہے،وزیراعلی ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2018ء) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی میں تعلیم یافتہ خواتین کا اہم کردار ہوتاہے جب تک ہماری بچیاں پڑھ لکھ نہیں لیتی تب تک ہمارا معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا، حکومت صوبے میں بچیوں کو معیاری اور جدید تعلیم کی فراہمی میں کوئی کسر نہیں اٹھارکھے گی، تعلیم یافتہ بلوچستان ہی مضبوط پاکستان کی علامت ہے۔

ان خیالات کا اظہا انہوں نے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کوئٹہ کینٹ کے دورے کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ حمید درانی، صوبائی وزیر طاہر محمود خان، معاون خصوصی سردارزادہ اورنگزیب کھیتران اور سیکرٹری ائیر ایجوکیشن عبداللہ جان بھی تقریب میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ خواتین کسی بھی معاشرے کا اہم حصہ ہیں،تعلیم یافتہ خواتین کے بغیر ترقی کی منازل طے کرنا ناممکن ہے، نیپولین نے کہا تھا آپ مجھے ایک پڑھی لکھی ماں دیں میں آپ کو ایک تہذیب یافتہ قوم دوں گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمیں اپنے صوبے کی روایات پر فخر ہے جہاں خواتین کو انتہائی قدر اور عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتاہے جبکہ اسلام نے بھی خواتین کو بڑا رتبہ اور مقام دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت میں تبدیلی کا مقصد صوبے میں بہتری لانا اور عوام کی خدمت کرنا ہے تاکہ عوام کے مسائل حل ہوسکیں۔ وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کی خوشحالی اور ترقی کے لئے وہ ہر پلیٹ فارم پر آواز بلند کریں گے،میں جب بھی اسلام آباد جاتا ہوں تو میرایہی موقف ہوتا ہے کہ جب تک بلوچستان کو ترقی نہیں دی جاتی پاکستان مضبوط نہیں ہوسکتا کیونکہ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے۔

وزیراعلیٰ نے طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ دل لگاکر اور محنت سے تعلیم حاصل کریں اگرچہ حکومت کے پاس محدود وسائل ہیں تاہم تعلیم کے شعبہ کو درپیش مشکلات کو دور کرنے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اللہ کی مہربانی سے صوبے کی رونقیں بحال ہوگئی ہیں سیاح دوبارہ بلوچستان کا رخ کررہے ہیں، امن کی بحالی میں سیکیورٹی فورسز اور عوام کا نمایاں کرداررہا ، یہ امن ہمیشہ قائم رہے گا ، ہمارا صوبہ اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے ہم سب کو اس کی ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ گورنمنٹ گرلز کالج کوئٹہ کینٹ نے اعلیٰ تعلیم یافتہ خواتین تیار کیںجو صوبے اور ملک کے مختلف شعبوں میں خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ محترمہ راحیلہ حمید خان درانی اسی ادارہ سے فارغ التحصیل ہیں جو آج بڑے عہدے پر فائز ہیں۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر پرنسپل کی جانب سے پیش کئے گئے سپاسنامے میں بعض مطالبات جن میں کالج کی مرمت، انٹرنیٹ، ڈیجیٹل لائبریری، فزکس اور بیا لوجی کے شعبوں کے لئے نئی عمارت، طلبہ کے لئے 400لیپ ٹاپ، ملٹی میڈیا کے علاو ہ دیگر اشیاء دینے کا اعلان کیا۔

وزیراعلیٰ نے طالبات سے کہاکہ انتخابات قریب ہیں اور آپ ایسے نمائندوں کو ووٹ دیں جو آپ کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہوں۔ قبل ازیں کالج کی طالبات نے تقریب کے دوران مختلف خاکے پیش کرکے کالج کو درپیش مسائل کی عکاسی کی۔ دریںاثناء وزیراعلیٰ نے گرلز کالج کے مختلف حصوں لیبارٹری، گرلز ہاسٹل، ٹیچر ہاسٹل اور کلاس رومز کا معائنہ کیا۔