Live Updates

پی ٹی آئی کا خواجہ آصف کی نا اہلی کی خوشی میں جشن ،بھنگڑے ، مٹھائیاں تقسیم کی گئیں

کارکنوں نے سیالکوٹ کے جناح ہائوس میں بھرپو رجشن منایا ،نوٹ نچھاور کئے گئے، بنی گالہ اور لاہور میں بھی مٹھائی تقسیم کی گئی

جمعرات 26 اپریل 2018 22:42

پی ٹی آئی کا خواجہ آصف کی نا اہلی کی خوشی میں جشن ،بھنگڑے ، مٹھائیاں ..
اسلام آباد/لاہور/سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2018ء) تحریک انصاف کی جانب سے وزیر خارجہ و مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ آصف کی نا اہلی کی خوشی میں جشن منایا گیا ،سیالکوٹ کے جناح ہائوس میں ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے اور نوٹ نچھاور کئے گئے، عمران خان کی رہائشگاہ بنی گالہ اور لاہور کے مختلف مقامات پر بھی مٹھائیاں تقسیم کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ سے نااہلی کا فیصلہ آتے ہی خواجہ آصف کے آبائی شہر سیالکوٹ میں پی ٹی آئی کا مرکزی آفس نعروں سے گونج اٹھا۔پی ٹی آئی کے پرجوش کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے ہوئے اپنی قیادت کے حق میں اور (ن) لیگ کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔ اس موقع پر کارکنوں نے خواجہ آصف کے خلاف درخواست گزار عثمان ڈار کے بھائی کو کندھوں پر اٹھا لیا اور نوٹ نچھاور کیے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر منوں کے حساب سے مٹھائی بھی تقسیم کی گئی ۔پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی رہائشگاہ بنی گالہ میں بھی خوشی کا سماں رہا، عمران خان نے عثمان ڈار کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر عثمان ڈار نے عمران خان کو مٹھائی بھی کھلائی۔ اس موقع پر دیگر رہنمائوں کو بھی مٹھائی پیش کی گئی خواجہ آصف کی نااہلی کی خوشی میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے چیئرنگ کراس چوک میں بھی جشن منایا اور مٹھائی تقسیم کی ۔

پنجاب اسمبلی کے احاطے میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید نے بھی مٹھائی تقسیم کی ۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی نعرے بازی بھی کرتے رہے ۔ پی ٹی آئی ویمن ونگ ایگزیکٹو کونسل کی ممبر مسرت جمشید چیمہ کی جانب سے بھی اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی خوشی میں صدر میں رابطہ مہم کے دوران مٹھائی تقسیم کی گئی ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات