خیبرپختونخواحکومت میں تعمیراتی ٹھیکوں میں کمیشن کا کوئی تصور نہیں،وزیراعلیٰ پرویزخٹک

جمعرات 26 اپریل 2018 22:47

خیبرپختونخواحکومت میں تعمیراتی ٹھیکوں میں کمیشن کا کوئی تصور نہیں،وزیراعلیٰ ..
نوشہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے ریکارڈ مدت میں اپنے تمام انتخابی وعدے پورے کئے، صوبائی حکومت نے کامیاب اصلاحات اور ریکارڈ قانون سازی بھی کی اسی طرح دیگر تمام شعبوں کی طرح توانائی کے شعبے پر بھی بھرپور توجہ دی اورکامیابیاں حاصل کیں۔ وہ نوشہرہ میں نوشہرہ بار ایسوسی ایشن کی نومنتخب کابینہ کی حلف برداری کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے وزیراعلیٰ نے بار کی کابینہ اور گورننگ باڈی کے ارکان سے ان کے عہدوںکا حلف بھی لیا اس موقع پر بار کے صدر سید عظمت علی شاہ گیلانی نے سپاس نامہ میں وکلاء برادری کے مسائل پر روشنی ڈالی ۔

پرویز خٹک نے بار کی نومنتخب کابینہ کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے مسائل و مطالبات ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا یقین دلایا جن میں وکلاء کے لئے رہائشی کالونی، ہاؤسنگ سکیم، علاج معالجہ ،آرمزلائسنس اور پیشہ ورانہ اداروں میں ان کے بچوں کیلئے کوٹہ شامل تھے پرویز خٹک نے کہا کہ پی ٹی آئی کی تبدیلی کا فلسفہ محض سڑکوں اور عمارتوںکی تعمیر نہیں بلکہ ان میں فراہم کی جانے والی خدمات کی ابتر صورتحال کودرست کرنا اور ایسا خود کار طریقہ کار وضع کرنا ہے جس سے عام آدمی کو اُن کے حقوق کسی سفارش اور رشوت کے بغیر مل سکیںوزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ ملک اور ادارے ایماندار لیڈر شپ کی بدولت مضبوط ہوتے ہیں اور یہی مغربی ممالک کی ترقی کا راز ہے پی ٹی آئی نے قوم کو مخلص قیادت مہیا کی ہے جو 2018 کے انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہو کر اور ملک و قوم کو چیلنجوں کے گرداب سے نکال کر ترقیافتہ ممالک کے شانہ بشانہ لا کھڑا کرے گی انہوںنے کہاکہ سکولوں میں قرآن ناظرہ اور باترجمہ لازمی پڑھانے ، ختم نبوت ؐ اور دوسرے اسلامی مضامین تعلیمی نصاب میں شامل کرنے ، خلاف شریعت جہیز اور نجی سود ی کاروبار پر پابندی اوردیگر اسلامی قوانین کی بدولت صوبے میں اسلامی فلاحی معاشرے کی راہ ہموار کی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

ہم نے مساجد کے آئمہ کرام کیلئے ماہانہ وظائف کا بندوبست کیا تو بعض لوگوں کو مروڑ پڑ گیا ہے ۔ اُنہوں نے کہاکہ ہمارے نزدیک سب سے بڑا میگا پراجیکٹ یہ ہے کہ بچوں کو تعلیم دینے والا استاد اور مریضوں کا علاج کرنے والا ڈاکٹر اپنی ڈیوٹی پر موجود ہو ، ادویات و دیگر سہولیات ہسپتالوں میں موجود ہوں پولیس کسی سے ظلم زیادتی نہ کرے ، کوئی رشوت اورکمیشن طلب نہ کرے انہوںنے کہا کہ نظام ٹھیک کرکے اس کی مانیٹرنگ کرنا اصل تبدیلی ہے انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کے ترقیاتی منصوبے پائیداری میں اپنی مثال آپ ہیں کیونکہ ہماری حکومت میں تعمیراتی ٹھیکوں میں کمیشن کا کوئی تصور نہیں اور اس لعنت کے خاتمے کیلئے نظام کو بھی بدل دیا گیا ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت کی نئی صنعتی پالیسی کوزبردست پذیرائی ملی ہے اُنہوں نے کہاکہ اس پالیسی کے نتیجے میں صوبے میں پائیدار صنعتکاری یقینی ہوجائے گی کیونکہ صوبے میں قدرتی خام مال کے بے شمار ذخائر ہیں اور ہمسایہ ملک افغانستان کی وسیع تجارتی منڈی کے باعث بھی صوبے میں صنعتکاری کے لئے اس وقت انتہائی سازگار ماحول موجود ہے اور صنعتکاری سے بیروزگاری کا خاتمہ ممکن ہو گا ۔