عالی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم کا نوٹس لینا چاہئے‘ملک رفیق رجوانہ

کشمیریوں نے حق خود ارادی کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں ، ان کی سیاسی، سفارتی و اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے‘گورنر پنجاب

جمعرات 26 اپریل 2018 21:49

عالی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم کا نوٹس لینا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2018ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے گورنر ہائوس لاہور میں صدر پاکستان نیشنل فورم کرنل (ر) اکرام اللہ کی قیادت میں 6رُکنی وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ملک میں سیاسی صورتحال اور مسلہٴ کشمیر کے علاوہ تعلیم کے شعبے کی بہتری کے حوالے سے تبادلہٴ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں سابق چیف جسٹس آف پاکستان شیخ ریاض احمد، میجر جنرل(ر) ندیم اعجاز، ایئر وائس مارشل(ر) انور محمود، سابق نیول چیف ایڈمرل یستورالحق اور سابق سپیکر قومی اسمبلی سید فخر امام شامل تھے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت پاکستان نے مسلہٴ کشمیر کو مؤثر انداز میں ملک اور بین الاقوامی سطح پر اُجاگر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم کا نوٹس لینا چاہئے۔

(جاری ہے)

گورنر نے کہا کہ کشمیریوں نے حق خود ارادی کے لئے بڑی قربانیاں دی ہیں اور ان کی سیاسی، سفارتی و اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت پنجاب نے تعلیم کے شعبے کی بہتری کے لئے جامع اقدامات اٹھائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں میرٹ کو یقینی بنایا گیا ہے ۔ سکولوں ، کالجوں، یونیورسٹیوں کے قیام کے لئے خطیر فنڈز فراہم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی وضائف کے ساتھ ساتھ طلباء و طالبات کو ہر ممکن سہولیات اور مواقع فراہم کئے جارہے ہیں۔ بعد ازاں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے آج گورنر ہائوس لاہور میں یورپ سے تعلق رکھنے والے اوورسیز پاکستانیوں کے وفد نے چیئرمین پی ایم ایل (ن)( یو۔

کی) محمد ریاض ملک کی قیادت میں ملاقات کی۔ملاقات میں ملک شہزاد اعظم ، حاجی جاوید ، ذوالفقار بھٹی اورملک نصیر شہزاد موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستانی دُنیا کے کسی بھی خطے میں ہوں ان کا دل اور دماغ اپنے وطن میں ہوتا ہے اور ان کی تمام تر کوششوں کا محور ارض پاکستان کی ترقی اور معاشی خوشحالی کے عمل کو تیز کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک کام کرنے والے لاکھوں پاکستانی ہمارا وقار ہیں جو معاشی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ملک کے صحیح امیج کو فروغ دینے کا بھی ذریعہ ہیں۔

گورنر نے کہا کہ معاشی ترقی کے عمل میں اوورسیز پاکستانیوں کے کردار کو مزید مؤثر بنانے کے لئے اہم اقدامات اٹھائے گئے ہیں تاکہ وہ پہلے سے بہتر انداز میں وطن عزیز کی خدمت کرسکیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ موجودہ حکومت کا بنیادی مقصد عوام الناس کی خدمت ہے اور انہیں بنیادی سہولیات بہم پنچانے کے لئے نچلی سطح پر فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور ملک کے طول و عرض میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھادیا گیا ہے جن کی تکمیل سے یقینا خوشحالی کا نیا دًور شروع ہوگا۔ اس موقع پر وفد نے گورنر پنجاب کو انہیں درپیش مختلف مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ گورنر نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو دُور کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائے گی۔