گورنر پنجاب سے یورپ سے تعلق رکھنے والے اوورسیز پاکستانیوں کے وفد کی ملاقات

جمعرات 26 اپریل 2018 22:06

گورنر پنجاب سے یورپ سے تعلق رکھنے والے اوورسیز پاکستانیوں کے وفد کی ..
لاہور۔26 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے گورنر ہائوس لاہور میں یورپ سے تعلق رکھنے والے اوورسیز پاکستانیوں کے وفد نے چیئرمین پی ایم ایل (ن)( یو۔کی) محمد ریاض ملک کی قیادت میں ملاقات کی۔ملاقات میں ملک شہزاد اعظم ، حاجی جاوید ، ذوالفقار بھٹی اورملک نصیر شہزاد موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستانی دُنیا کے کسی بھی خطے میں ہوں ان کا دل اور دماغ اپنے وطن میں ہوتا ہے اور ان کی تمام تر کوششوں کا محور ارض پاکستان کی ترقی اور معاشی خوشحالی کے عمل کو تیز کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک کام کرنے والے لاکھوں پاکستانی ہمارا وقار ہیں جو معاشی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ملک کے صحیح امیج کو فروغ دینے کا بھی ذریعہ ہیں۔

(جاری ہے)

گورنر نے کہا کہ معاشی ترقی کے عمل میں اوورسیز پاکستانیوں کے کردار کو مزید مؤثر بنانے کے لئے اہم اقدامات اٹھائے گئے ہیں تاکہ وہ پہلے سے بہتر انداز میں وطن عزیز کی خدمت کرسکیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ موجودہ حکومت کا بنیادی مقصد عوام الناس کی خدمت ہے اور انہیں بنیادی سہولیات بہم پنچانے کے لئے نچلی سطح پر فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور ملک کے طول و عرض میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھادیا گیا ہے جن کی تکمیل سے یقینا خوشحالی کا نیا دًور شروع ہوگا۔ اس موقع پر وفد نے گورنر پنجاب کو انہیں درپیش مختلف مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ گورنر نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو دُور کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائے گی۔