پنجاب کابینہ کے اجلاس میں دانش سکولز پراجیکٹ کی بھرپور ستائش

دانش سکولز کے ہونہار بچے اوربچیوں کو وزیراعلیٰ اورصوبائی کابینہ کا خراج تحسین دانش سکولز کی ہونہار اوریتیم بچی کی شستہ انگریزی اور اعتماد نے مجھے خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا‘شہبازشریف

جمعرات 26 اپریل 2018 21:46

پنجاب کابینہ کے اجلاس میں دانش سکولز پراجیکٹ کی بھرپور ستائش
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2018ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں دانش سکولزپراجیکٹ کو سراہاگیا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف اور کابینہ کے ارکان نے پرزور تالیاں بجا کردانش سکولز کے ہونہار بچے اوربچیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے جذبات میںرندھی آواز میں کابینہ ارکان کو بتایا کہ دانش سکولز کے طلبہ سے گزشتہ ملاقات میں ہونہاریتیم بچی کی شستہ انگریزی اورشاندار اعتماد نے مجھے خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا۔

ایسی روانی سے گفتگو کی توقع عام طورپر ایچی سن جیسے اداروں کے طلبہ سے کی جاتی ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایسے شاندار اوراعلی اقدار کے اعلی تعلیمی ادارے بننے میں صدیاں درکار ہوتی ہیں مگر دانش سکولز نے قلیل مدت میں طویل سفر طے کیا ہے۔

(جاری ہے)

دانش سکولز اقامتی سکولوں کی سب سے بڑی چین بن چکی ہے ۔انہوںنے دانش سکولز کے قیام کیلئے سابق چیف سیکرٹری کی خدمت کو سراہا۔

شہبازشریف نے کہا کہ اشرافیہ کی جانب سے غریب ،یتیم اوربے سہارا بچوں کے شاندار ادارے دانش سکولز پراعتراض تو کیے جاتے ہیں اوریہ اشرافیہ چاہتی ہے کہ ان کے بچوں کیلئے ایچی سن کالج اورگرائمرسکول تو بنیں لیکن عام آدمی کے بچے عام سکولوں میں ہی پڑھیں اوریہی اس نظام کا المیہ ہے جسے ہم نے دانش سکولز کے ذریعے ختم کرنے کی کوشش کی ہے ۔کابینہ اجلاس میں دانش سکولز حکام نے بتایا کہ دانش سکولز کے 90فیصد بچوں کے رزلٹ اے اوراے پلس تھے اور ان بچوں نے عالمی سطح پر بھی پاکستان کیلئے اعزاز حاصل کیے ہیں۔