وزیراعلیٰ شہبازشریف کے عوام کے معیارزندگی میں بہتر ی لانے کیلئے اقدامات قابل تقلید ہیں‘برطانوی ہائی کمشنر

آپکا ترقیاتی ویژن قابل تحسین ہے، تھامس ڈریو نے شہبازشریف سے ملاقات کے دوران پنجاب میں ترقی کو سراہا

جمعرات 26 اپریل 2018 21:46

وزیراعلیٰ شہبازشریف کے عوام کے معیارزندگی میں بہتر ی لانے کیلئے اقدامات ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور ، پاک برطانیہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ برطانوی ہائی کمشنر نے ملاقات میں پنجاب میں ترقی کو سراہا اورکہا کہ آپ کا ترقیاتی ویژن قابل تحسین ہے ۔

آپ کی قیادت میں پنجاب حکومت نے کئی شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھائی ہے اور تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں میں پنجاب حکومت کی کارکردگی لائق تحسین ہے۔ آپ کی قیادت میں تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں کی ترقی کیلئے نتیجہ خیز حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔صوبے کی ترقی اورعوام کے معیارزندگی میں بہتر ی لانے کیلئے آپ کے اقدامات قابل ستائش ہیں اور عوام کی خوشحالی کیلئے آپ کا اصلاحاتی پروگرام قابل تقلید ہے۔

(جاری ہے)

برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ پنجاب حکومت کے ساتھ آنے والے وقتوں میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔ پنجاب حکومت کیساتھ تعلیم، صحت ، سکل ڈویلپمنٹ اور دیگر سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، اعلیٰ معیار اور رفتار کے نئے باب رقم کئے ہیں۔

قائداعظم محمد علی جناحؒ کا پاکستان اپنی حقیقی منزل کی جانب بڑھ رہا ہے۔ سیاسی و عسکری قیادت کی جانب سے کئے گئے متفقہ فیصلوں کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال کامیابیاں ملی ہیں جس کے نتیجے میں 2013 کی نسبت 2018 کا پاکستان زیادہ محفوظ، پرامن ، معاشی طور پر مستحکم اور خوشحال ہے،۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے قابل قدرخدمات سرانجام دی ہیںاوردہشت گردی کے واقعات میں خاطر خواہ کمی آئی ہے۔

انہوںنے کہا کہ پنجاب میں اربوں روپے کی لاگت سے نصب ہونیوالے انرجی پلانٹس کیوجہ سے ہزاروں میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں جارہی ہے جس سے صنعتی اورکاروبار ی سرگرمیوں میں تیزی آرہی ہے ۔ برطانوی سرمایہ کاروں کیلئے مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ برطانیہ کے ساتھ تعلقات کئی دہائیوں پر مشتمل ہیں۔ تعلیم، صحت، سکل ڈویلپمنٹ اور دیگر شعبوں میں برطانوی تعاون کو تحسین کی نظر سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں پنجاب حکومت اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے برطانوی ہائی کمشنر کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔