وزیراعظم کی زیر صدارت ایکنک کا اجلاس

مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور منصوبہ اور پشاور موڑ سے نیو انٹرنیشنل ایئرپورٹ تک میٹرو بس سروس کیلئے بنیادی ڈھانچہ اور ملحقہ تعمیرات کی منظوری دی گئی

جمعرات 26 اپریل 2018 21:31

وزیراعظم کی زیر صدارت ایکنک کا اجلاس
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2018ء) قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی (ایکنک) نے 309.558 ارب روپے کی لاگت سے مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور منصوبہ اور پشاور موڑ سے نیو انٹرنیشنل ایئرپورٹ تک میٹرو بس سروس کیلئے بنیادی ڈھانچہ اور ملحقہ تعمیرات کی منظوری دیدی۔ جمعرا ت کو ایکنک کا اجلاس وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

ایکنک نے 309.558 ارب روپے کی لاگت سے مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی منظوری دی جو ایک کثیر المقاصد منصوبہ ہے جس سے 800 میگاواٹ بجلی کی پیداوار حاصل ہو گی اور اس کی آبی ذخیرہ کی گنجائش 1594 ملین مکعب میٹر ہو گی جسے آبپاشی، سیلابوں کی روک تھام اور پشاور اور فاٹا کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے استعمال کیا جا سکے گا۔

(جاری ہے)

ایکنک نے 16427.88 ملین روپے کی لاگت سے پشاور موڑ سے نیو انٹرنیشنل ایئرپورٹ تک 25.6 کلومیٹر، میٹرو بس سروسز کیلئے بنیادی ڈھانچہ اور ملحقہ تعمیرات کی بھی منظوری دی۔

یہ منصوبہ نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ استعمال کرنے والے مسافروں کیلئے سستی اور آسان ٹرانسپورٹ فراہم کرے گا۔ اجلاس میں 5071.43 ملین روپے کی لاگت سے گوادر شہر کیلئے 50 لاکھ گیلن یومیہ پانی کے ریورس اوسموسس سی واٹر پلانٹ کی بھی منظوری دی۔ اس منصوبہ کے تحت گوادر شہر اور اس سے ملحقہ علاقوں کی پینے کے پانی اور دیگر ضروریات پورا کرنے کیلئے سمندری پانی کو صاف کیا جائے گا۔ وفاقی حکومت نے اس کے فنانسنگ شیئر 50 فیصد سے بڑھ کر 67 فیصد کرنے پر بھی اتفاق کیا اور بقیہ 33 فیصد حصص کی فنانسنگ حکومت بلوچستان فراہم کرے گی۔