پاکستان پرعالمی کرکٹ کے دروازے کھلنے کاوقت قریب ہے، مکی آرتھر

ورلڈالیون ،سری لنکا اورویسٹ انڈیز کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز نے کرکٹ بحالی کی راہ ہموارکردی ،جلدہم دنیاکی اہم ٹیموں کو پاکستان میں کھیلتے دیکھ سکیں گے،نوجوان کھلاڑیوں پرمشتمل قومی ٹیم انگلینڈ کے مشکل ٹورمیں عمدہ کارکردگی کیلئے پرامید ہیں،وارم اپ میچزسے نوجوان کھلاڑیوں کوکنڈیشنزسے ہم آہنگ ہونے کاموقع ملے گا،ہیڈ کوچ کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 26 اپریل 2018 21:13

پاکستان پرعالمی کرکٹ کے دروازے کھلنے کاوقت قریب ہے، مکی آرتھر
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 اپریل2018ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہاہے کہ پاکستان پرانٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے کھلنے کاوقت قریب ہے۔نوجوان کھلاڑیوں پرمشتمل قومی ٹیم انگلینڈ کے مشکل ٹورمیں عمدہ کارکردگی کیلئے پرامید ہیں۔کینٹربری میں دورہ آئرلینڈ، انگلینڈ کے پہلے پریکٹس سیشن کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مکی آرتھر نے کہاکہ لاہور میں ورلڈالیون اورسری لنکاسے میچزاورویسٹ انڈیزکے کراچی میں ٹی ٹوئنٹی سیریز نے کرکٹ بحالی کی راہ ہموارکردی ہے اورجلدہم دنیاکی اہم ٹیموں کو پاکستان میں کھیلتے دیکھ سکیں گے۔

انہوں نے کہاکہ انگلش ٹیم ہوم گراونڈ پر ٹیسٹ میں چارسال سے ناقابل شکست ہے۔یہاں کی کنڈیشنزہمیشہ مشکل ثابت ہوتی ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ ہماری ٹیم طویل دورانیے کی کرکٹ کیلئے کافی ناتجربہ کار ہے۔چند کھلاڑیوں کے علاوہ دیگرکھلاڑیوں کاتجربہ محدود ہے لیکن ہمارے نوجوان کھلاڑیوں نے سیریزکے لئے سخت محنت کی ہے اورانہیں ان کی جانب سے عمدہ کارکردگی دکھانے کایقین ہے اوروہ خود بھی ان کاکھیل دیکھنے کوبے تاب ہیں۔

ان کاکہناتھا کہ یہاں کے سرد موسم اورکنڈیشنز میں کھلاڑیوں کوبہت زیادہ محنت کرناہوگی۔ہیڈ کوچ نے کہاکہ سرفرازاحمدکی قیادت میں پاکستان ٹیم مثبت کرکٹ کھیلنے آئی ہے۔وارم اپ میچزسے نوجوان کھلاڑیوں کوکنڈیشنزسے ہم آہنگ ہونے کاموقع ملے گا۔انھوں نے کہا فاسٹ بولرمحمدعامرسے سیریز میں بہت توقعات ہیں جوچارہفتے سے بہت زیادہ محنت کررہے ہیں۔