Live Updates

جوڈرگیا وہ مر گیا،’’ ووٹ کو عزت دو‘‘ تحریک پر کوئی کمپرومائز نہیں ہو گا،نوازشریف

جس راستے کا انتخاب کیا اس سے پیچھے نہیں ہٹوں گا،لیگی کارکن کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں ،میں جیل چلا بھی جائوں تو کوئی ہمت نہ ہاریں،، پارٹی رہنما عہد کریں کہ آخری وقت تک جد و جہد کریں گے شہبازشریف،حمزہ شہباز،مریم نواز اور ہم سب ملکر انتخابی مہم چلائیں گے ملک کے اربوں روپے کھانے والے سکون کیساتھ گھروں میں بیٹھے ہیں ان کو کوئی پوچھنے والا نہیں ، صرف ایک شخص کا احتساب کیا جارہا ہے،سابق وزیراعظم کا پارٹی رہنمائوں سے خطاب

جمعرات 26 اپریل 2018 20:53

جوڈرگیا وہ مر گیا،’’ ووٹ کو عزت دو‘‘ تحریک پر کوئی کمپرومائز نہیں ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اپریل2018ء) سابق وزیرِاعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ’’ ووٹ کو عزت دو‘‘ تحریک پر کوئی کمپرومائز نہیں ہو گا، میں گھبرانے اور ڈرنے والا نہیں،جس راستے کا انتخاب کیا اس سے پیچھے نہیں ہٹوں گا،لیگی کارکن کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں ،میں جیل چلا بھی جائوں تو کوئی ہمت نہ ہاریں ،جوڈر گیا وہ مر گیامگر ہم نہیں ڈریں گے، پارٹی رہنما عہد کریں کہ آخری وقت تک جد و جہد کریں گے ،ملک کے اربوں روپے کھانے والے سکون کیساتھ گھروں میں بیٹھے ہیں ان کو کوئی پوچھنے والا نہیں ، صرف ایک شخص کا احتساب کیا جارہا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے راولپنڈی ڈویژن کے پارٹی رہنمائوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ 1971ء میں بھارت اور پاکستان کی جنگ ہوئی تو جس کے فوری بعد ذوالفقارعلی بھٹو وزیراعظم بنے جنہوںنے ہماری ایک فیکٹری کو آنکھ جھپکتے ہی بند کردیا جبکہ ایک فیکٹری بنگلا دیش بنا تو وہاں چلی گئی جب میرے والد نے دبئی میں سٹیل مل لگائی اور وہاں سے ہمارا کاروبار آگے بڑھا تو اب اسے بھی کھنگالا جارہا ہے اور پوچھا جارہا ہے گالف سٹیل مل کتنے میں لگی اور کیسے بنائی گئی ، ہمارا احتساب کیا جارہا ہے جو اربوں روپے کھا گئے وہ سکون کیساتھ اپنے گھروں میں بیٹھے ہیںان کو کوئی پوچھنے والا نہیں ۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے ماضی میں بھی جیلیں کاٹیں ، سات سال تک جلا وطن کیا گیا اور مجھے اس بات کا آج تک پتہ نہیں چلا کہ مجھے قلعہ میں بند کیا گیا اور کیوں جلا وطن کیا گیا میرا قصور کیا تھا مگر ان تمام تر سزائوں کے باوجوداللہ نے مجھے عزت دی اور تیسری بار میں وزیراعظم بنا جو میرے لئے اعزاز کی بات ہے ۔ نوازشریف نے کہا کہ اتنا کچھ ہمارے ساتھ ہونے کے باوجود میرا خیال تھا کہ معاملہ وہیں پر ختم ہو گیا تھا مگر ملک میں آئین و قانون اور پھر کسی ایک شخص کے ساتھ اتنی زیادتی دور تک نہیں کی جانی چاہیے تھی میں وہ شخص ہوں جو تمام اداروں کا احترام کرتا رہا ہوں ہم نے تو عدلیہ کیلئے لانگ مارچ کیا اور اسے بحال کیا۔

نوازشریف نے کہاکہ کئی لوگ ایسے ہوتے ہیں جو ڈرنے والے نہیں ہوتے اور میری پارٹی میں ایسے لوگ بہت سے ہیں بلکہ ان کی اکثریت میری پارٹی میں ہے جو ڈرنے اور گھبرانے والے نہیں بلکہ حق و سچ کیساتھ کھڑے ہونے والے ہیں ۔آج میرے ساتھ وہی لوگ ہیں جو مشکل وقت میں میرے ساتھ تھے، جو پارٹی چھوڑ گئے وہ لوگ ہم میں سے تھے ہی نہیں، اسی طرح کے فصلی بیٹرے جائیں گے، کارکن اطیمنان رکھیں اور آخری وقت تک جدوجہد کا عہد کریں۔

اس دفعہ ہماری جدوجہد کامیاب ہو گی۔انہوںں نے کہاکہ غلطیاں ہرانسان سے ہوتی ہیں اور مجھ سے بھی غلطیاں ہوئی ہوں گی لیکن مجھے اپنے ملک اور قوم سے بے پناہ محبت ہے ۔انہوںنے کہاکہ میرے بارے میں ہر روز قیاس آرائی کی جاتی ہے کہ میں لندن چلا جائوں گا تو واپس نہیں آئوں گا ایسے لوگوں کی قیاس آرائیاں جھوٹی نکلی ہیں اب ان لوگوں کو قیاس آرائیاںکرنا چھوڑ دینی چاہئیں۔

انہوںنے کہاکہ پچھلے ستر سالوں میں قائداعظم محمد علی جناح کے بعد صرف تین شخصیات کو عوام نے ووٹ دیا جن میں ذوالفقارعلی بھٹو اور بے نظیر بھٹو اور میں ناچیز شامل ہوںاور پاکستان کے عوام ہمیشہ مجھے اپنی محبت سے نوازا ہے ۔انہوںنے کہاکہ پچھلے ستر سالوں میں کسی بھی وزیراعظم نے اپنی مدت پوری نہیں کی کسی کو مارشل لاء لگا کر ہٹا دیا گیا تو کسی کو پھانسی دیدی گئی اور آج تک یہ سلسلہ جاری ہے ہمیں اس کی وجہ تلاش کرنی چاہیے انہوں نے کہا کہ بھارت میں ہر وزیرِاعظم نے مدت پوری کی لیکن کیا وجہ ہے کہ پاکستان میں ایسا نہیں ہوا۔

پاکستان میں روایات رہی، کسی کو ٹانگ دو اور کسی کو جیلوں میں بند کر دو۔ یہ سب کچھ منتخب وزرائے اعظم کے ساتھ ہوتا رہا۔انہوں نے کہاکہ مجھے ہٹا جانے کا مجھے دکھ نہیں ہے اور نہ ہی مجھے کوئی ذاتی غصہ ہے اس معاملے کا براہ راست پاکستان سے تعلق ہے کیونکہ جمہوری وزیراعظم کو ہٹانا جمہوریت کیخلاف ہے۔انہوں نے کہاکہ سی پیک شروع کیا ، دس ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کی اور پاکستان تقریبا لوڈ شیڈنگ ختم کردی ہے برسوں سے التواء میں پڑے نیلم جہلم کو بھی چلا دیا ہے تربیلا فور اور نندی پور پر بھی کام جاری ہے ، ہم نے ایل این جی کے منصوبے لگائے ، کوئلے سے چلنے والے منصوبے پہلی بار ملکی تاریخ میں لگے ۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا شکریہ کہ جنہوںنے اعتراف کیا کہ اتنے زیادہ منصوبے تیار ہو چکے ہیں جس کا میں سوچ بھی نہیں سکتا ، ملک اسلام آباد اور لاہور موٹروے (سڑک) کے سوا کوئی کام کی سڑک نہیں تھی ہم نے سڑکوں کا جال بچھا دیا ۔انہوںنے مزید کہاکہ اب میرے خلاف رائیونڈ سڑک کا مقدمہ تیار کیا جارہا ہے دیکھو کب سامنے آتا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ جب میں پنجاب کا وزیراعلی تھا تو میں نے اسلام آباد اور مری سڑک بنائی تو ضیاء الحق نے مجھے شاباش دی اور کہا کہ میں کارپٹ روڈ دیکھ کرحیران ہوگیا ہوں ۔انہوں نے کہاکہ یہاں نئے ایئرپورٹس بن رہے ہیں اور اسلام آباد ہوائی اڈا مئی میں چالو ہو جائے گا مگر میں سوچتا ہوں کہ یہاں پر بیرون ممالک سے بھی لوگ آنے چاہئیں کیونکہ پہلے پاکستان میں متعدد فلائٹس آتی تھی مگر آج کل صرف چار فلائٹس ایئرپورٹ پر کھڑی ہوتی ہیں اس کی وجہ بھی ہمیں جاننی چاہیے کہ لوگ یہاں کیوں نہیں آرہے ۔

میاں نوازشریف نے کہاکہ پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ لڑی ، ہمارے فوجی،پولیس اورانتظامیہ حتی کہ سکولوں کے بچوں نے بھی قربانیاں دی ہیں مگر دنیا ہماری قربانیوں کو تسلیم نہیں کررہی ہے ہمیں اس کی وجہ بھی تلاش کرنی چاہیے اور میرا خیال ہے ہمیں اس پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔پاکستان کی معاشی صورتحال پر بات کرتے نواز شریف نے کہا کہ روپے میں مسلسل کمی ہو رہی ہے۔

سٹاک مارکیٹ 54 ہزار سے 37 ہزار تک آ چکی ہے۔ زرمبادلہ کے ذخائر کم ہوتے جا رہے ہیں۔ اس صورتحال میں پاکستان کیسے ترقی کرے گا۔سابق وزیرِاعظم نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ عوام مجھ سے محبت کرتے ہیں۔ ماہِ رمضان میں سحر و افطاری ہی ہماری الیکشن مہم ہو گی۔ میں، شہباز شریف اور مریم نواز مل کر رابطہ مہم چلائیں گے۔ سب پارٹی رہنما اپنے اپنے علاقوں میں پارٹی مہم چلائیں۔

نواز شریف نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو پر کوئی کمپرومائز نہیں کرنا چاہیے، ووٹ کو عزت مل گئی تو پاکستان ترقی کی طرف جائے گا اور ساری مصیبتیں دور ہو جائیں گی۔ 22 کروڑ عوام کا مستقبل ٹھیک کرنے کے لیے میدان میں نکلنا ہے اور ڈرنا نہیں چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہم عوام مزید گھروں سے نکالیں گے اور ان میں جذبہ پیدا کریں گے اور یہ دن آنے والا ہے کہ ہماری یہ ساری کوشش رنگ لائے گی اور ہم منزل تک ضرور پہنچیں گے ۔انہوںنے کہاکہ ہم ووٹ کو عزت دو کیلئے جدوجہد آخری وقت تک جاری رکھیں گے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات