طلبہ کوجدیدتعلیمی مواقع فراہم کرنے کیلئے مربوط کوششیں جاری رکھی جائیں،اقبال ظفرجھگڑا

جمعرات 26 اپریل 2018 20:35

طلبہ کوجدیدتعلیمی مواقع فراہم کرنے کیلئے مربوط کوششیں جاری رکھی جائیں،اقبال ..
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے کہاہے کہ یونیورسٹیوں کو طلباء وطالبات کو ان کے استطاعت کے مطابق اوروقت کے تقاضوں کی حامل تربیتی اورتعلیمی مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار حاصل ہے اورضرورت اس امرکی ہے کہ اس مقصد کے حصول کیلئے مربوط اور فعال کوششیں جاری رکھی جائیں۔

وہ جمعرات کے روز اباسین یونیورسٹی پشاور میں"جاب فیئر " اور نئے قائم کردہ انجینئرنگ اکیڈمک بلاک کی افتتاحی تقریب کے موقع پر بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ گورنرنے یو ایس ایڈ کے تعاون سے کامیابی کے ساتھ جاب فیئر کاانعقاد کرنے پر اباسین یونیورسٹی کی انتظامیہ اور اساتذہ کی کوششوں کوسراہا اورکہاکہ یقینا ملک کیلئے باصلاحیت اورتربیت یافتہ افرادی قوت کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اعلی تعلیم کے اداروں کو تسلسل کے ساتھ بھرپور کوششیں کرنی ہوں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہاکہ وہ اس بات سے متفق ہیں کہ ہم باہم مل کرمربوط کوششوں کی بدولت آئندہ نسلوں کیلئے بہترمستقبل یقینی بناسکتے ہیں۔ گورنرنے جوکہ صوبے میں نجی شعبے یونیورسٹیوں کے سرپرست بھی ہیں نوجوانوں کوتاکید کی کہ وہ وقت کے تقاضوں کے مطابق تعلیم، مہارت اورتربیت حاصل کریں اورمستقبل میں اپنے لئے روزگار کے بہترمواقع یقینی بنائیں۔

انہوں نے تاجرراہنماؤں پربھی زوردیا کہ وہ نوجوان نسل پر سرمایہ کاری کریں اوران کی درست خطوط پرتربیت یقینی بنائیں اوراس ضمن میں ان کی کاوشیں بہترنتائج کی حامل ثابت ہوں گی۔ گورنرنے مزید کہاکہ درحقیقت تاجربرادری ہی اعلی تعلیمی اداروں سے فارغ التحصیل ہونے والی افرادی قوت کے معیار اورتعداد اورمارکیٹ کی ضروریات کے مابین فرق وتفاوت کابہتراندازہ لگاسکتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ تعلیمی اداروں اورتاجربرادری کے مابین فعال رابطوں کی بدولت ہی اداروں کی تدریسی کوششوں اورآجروں کی ضروریات کے مابین عدم توازن کی کیفیت کا بھی تدارک کیاجاسکتاہے۔ گورنرنے یہ بات بھی واضح کہ کمپنیاں بھی نوجوانوں کو ذاتی طور پر روزگار کے مواقع پیداکرنے ، عمدہ تربیت حاصل کرنے اور مخصوص شعبوں میں مہارت حاصل کرنے کے سلسلے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔

بعدازاں گورنرنے انجینئرنگ اکیڈمک بلاک کا باقاعدہ افتتاح کیا اور بعض اساتذہ کو ان کی اعلی کارکردگی کے اعتراف میں شیلڈز بھی پیش کیں۔ قبل ازیں اباسین یونیورسٹی کے چانسلر جناب محمدعمران اللہ اوروائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر سید عمرفاروق نے ادارے کی کارکردگی پرروشنی ڈالی اور تقریب میں شرکت پر گورنر کاشکریہ ادا کیا۔