شرجیل میمن ودیگرملزمان کی درخواست کی ضمانت،

عدالت نے وکیل کو دلائل دینے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی

جمعرات 26 اپریل 2018 19:23

شرجیل میمن ودیگرملزمان کی درخواست کی ضمانت،
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2018ء) سندھ ہائی کورٹ میں محکمہ اطلاعات سندھ کریشن کیس میں شرجیل میمن ودیگرملزمان کی درخواست کی ضمانت سے متعلق سماعت ہوئی ۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر شرجیل میمن کے وکیل کودلائل دینے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 2مئی تک ملتوی کردی ہے ۔جمعرات کو سندھ ہائی کورٹ میں محکمہ اطلاعات سندھ کریشن کیس میں شرجیل میمن ودیگرملزمان کی درخواست کی ضمانت سے متعلق سماعت ہوئی۔

عدالت میں ملزم عاصم انورخان سکندر کے وکیل کا کہنا تھا کہ میرا موکل بیگناہ ہے بد نیتی کی بنا پر ملوث کیا گیا جبکہ مسعود ہاشمی کے وکیل محمود عالم کا کہنا تھا کہ میرے موکل مسعود ہاشمی پر 75 ملین خوردبرد کا الزام عائد کیا جا رہا ہے ۔مسعود ہاشمی 75ملین رقم واپس کرنے کو تیارہے ۔

(جاری ہے)

میرے موکل نے کسی قسم کی کریشن نہیں کی ۔عدالت کا کہنا تھا کہ اگر مالی بے ضابطگی بنیک اکاونٹ کے ذریعے ثابت ہو تو ملزم کیسے بری الذمہ ہوسکتے ہیں ۔

عدالت میں شرجیل انعام میمن کے وکیل کا کہنا تھا کہ شرجیل میمن نے میڈیکل گراؤنڈ پر ضمانت کے لئے درخواست دائرکررکھی ہے ۔وہ کمرکی شدید تکلیف میں مبتلا ہیں ۔میڈیکل بورڈ نے بیرون ملک علاج تجویز کیا ہے ۔سینٹرل جیل میں مطلوبہ طبی سہولیات دستیاب نہیں۔میرے موکل کو مستقل فزیوتھراپی کی ضرورت ہے ۔جیل حکام سے پوچھا جائے کہ جیل میں کون سی طبی سہولیات دستیاب ہیں۔ عدالت نے وکیل صفائی کا موقف سنتے ہوئے کہا کہ بتایا جائے کہ شرجیل میمن کو کون سی طبی سہولیات کی ضرورت ہے اور جیل میں کون سی سہولیات موجود ہیں۔ عدالت نے ایڈوکیٹ جنرل سندھ کونوٹس جاری کرتے ہوئے وکیل صفائی کو آئندہ سماعت پردلائل دینے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 2 مئی تک ملتوی کردی۔