Live Updates

اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کو قومی اسمبلی کی رکنیت سے نااہل قرار دے دیا

جمعرات 26 اپریل 2018 19:03

اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کو قومی اسمبلی ..
اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عمثان ڈار کی جانب دائر درخواست منظور کرتے ہوئے وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کو قومی اسمبلی کی رکنیت سے نااہل قرار دے دیا۔ جمعرات کو عدالت عالیہ کے جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل تین رکنی لارجر بینچ نے محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کو نااہل قرار دے دیا ہے۔

فیصلہ بینچ کے سربراہ جسٹس اطہر من اللہ نے پڑھ کر سنایا ۔عدالت کی جانب سی35 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا گیا ہے۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ خواجہ محمد آصف کو آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہل قرار دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے غیر مکی اقامہ کی بنیاد پر وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کی نااہلی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد 10 اپریل کو فیصلہ محفوظ کیا تھا جو جمعرات کو سنایا گیا۔ قبل ازیں جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں تین رکنی بینچ تشکیل دیا گیا تھا تاہم اس بنچ کے رکن جسٹس میاں گل حسن اورنگز یب کی بینچ سے علیحدگی کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس انور خان کاسی نے جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں نیا بینچ تشکیل دیا تھا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات