Live Updates

خواجہ آصف تاحیات نا اہل قرار ،اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ

سیاسی قوتوں کو اپنے تنازعات سیاسی فورم پر حل کرنے چاہیے،اسلام آباد ہائی کورٹ

جمعرات 26 اپریل 2018 18:52

خواجہ آصف تاحیات نا اہل قرار ،اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اپریل2018ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیر خارجہ خواجہ آصف کو تاحیات نااہل قرار دے دیا۔تفصیلات کے مطابق جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل تین رکنی لارجر بینچ نے فیصلہ سناتے ہوئے وزیر خارجہ خواجہ آصف کو نااہل قرار دے دیا۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ خواجہ آصف کو آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہل کیا گیا، وہ 2013 کا الیکشن بھی نہیں لڑ سکتے تھے۔

ہائیکورٹ کے تفصیلی فیصلے میں کہا گیا کہ خواجہ آصف این اے 110 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے کے اہل نہیں تھے، عدالت کو منتخب نمائندوں کو نااہل کرنے کے لیے عدالتی اختیار استعمال کرنا اچھا نہیں لگتا، سیاسی قوتوں کو اپنے تنازعات سیاسی فورم پر حل کرنے چاہیے۔

(جاری ہے)

فیصلے میں کہا گیا کہ سیاسی معاملات عدالتوں میں آنے سے سائلین کا وقت ضائع ہوتا ہے، پارلیمنٹ فیڈریشن کے اتحاد کی علامت ہے اور عزت و تکریم کی حقدار ہے، عوام کا پارلیمنٹ پر اعتماد اراکین کے کردار پر منحصر ہے، درخواست گزار کی سیاسی جماعت عدالت آنے کی بجائے پارلیمنٹ میں معاملہ اٹھاتی تو مناسب تھا۔

عدالت نے رجسٹرار ہائیکورٹ کو حکم دیا کہ فیصلے کی تصدیق شدہ کاپی الیکشن کمیشن اور اسپیکر قومی اسمبلی کو ارسال کی جائے۔ واضح رہے کہ تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے اقامہ چھپانے پر وزیر خارجہ خواجہ آصف کی نااہلی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد 10 اپریل کو فیصلہ محفوظ کیا جو آج سنایا گیا۔ درخواست گزار عثمان ڈار نے موقف اپنایا کہ وزیر خارجہ دبئی میں ایک نجی کمپنی کے ملازم ہیں جہاں سے وہ ماہانہ تنخواہ بھی حاصل کرتے ہیں، لیکن انہوں نے بینک اکاؤنٹ اور تنخواہ کی تفصیلات 2013 کے انتخابی گوشواروں میں ظاہر نہیں کی، اس لیے وہ صادق اور امین نہیں رہے، لہذا انھیں غلط بیانی پر نااہل کیا جائے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات