قائم مقام وزیر اعظم آزاد کشمیر کی زیر صدارت اجلاس،ترقیاتی بجٹ میں اضافے پر وزیر اعظم عباسی سے اظہار تشکر

کابینہ اراکین کا ترقیاتی فنڈز کے بروقت استعمال میں پاکستان بھر میں آزادکشمیر کی اول پوزیشن آنے پر اظہار اطمینان

جمعرات 26 اپریل 2018 18:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اپریل2018ء) قائمقام وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیرچوہدری طارق فاروق کی زیر صدارت کابینہ کے غیر رسمی اجلاس میں حکومت پاکستان کی جانب سے ترقیاتی بجٹ کی بروقت فراہمی پر وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوے آئندہ سال کے ترقیاتی بجٹ میں اضافے کے فیصلے پر شکریہ ادا کرتے ہوے فیصلے کو قائد پاکستان مسلم لیگ ن محمد نوازشریف کے ویژن کے مطابق آزادکشمیر کے اندر ترقیاتی شعبہ میں شروع غیر معمولی پراجیکٹس کی تکمیل کے لیے اہم قدم قرار دیا ہے ،کابینہ اراکین نے ترقیاتی فنڈز کے بروقت استعمال میں پاکستان بھر میں آزادکشمیر کی اول پوزیشن آنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوے اس عمل میں بھرپور شرکت کرنے والے محکمہ جات کی ستائش بھی کرنے کے ساتھ ساتھ آئندہ بجٹ ،سالانہ میزانیہ 2018-19 پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

اراکین نے متفقہ طورپر وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی جانب سے طویل عرصہ سے حل طلب معاملات ،ترقیاتی بجٹ میں اضافے سمیت انتظامی اخراجات ،خسارے کی کمی ،این ایف سی کے شیئرز میں اضافے کے لیے ان کی بیباکی سے کی جانے والی کاوشوں پر انہیں خراج تحسین پیش کیا ،اراکین نے گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر کے اندر قابض افواج کی جانب سے نہتے مظاہرین پر تشدد اور طلبائ کی گرفتاری کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوے بین الاقوامی برادری سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا، دارلحکومت کے نواحی علاقے سیری درہ میں گزشتہ روز ہونیوالے افسوسناک حادثے میں آٹھ قیمتی جانوں پر افسوس کااظہار کیا کابینہ کے غیر رسمی اجلاس میں وزیر خزانہ ڈاکٹر نجیب نقی خان ،وزیر تعمیرات عامہ چوہدری محمد عزیز ،وزیر بلدیات راجہ نصیر احمد خان ،وزیر اوقاف و امور دینیہ راجہ عبد القیوم خان ،وزیر منصوبہ بندی و ترقیات کرنل ریٹائرڈ وقار نور،وزیر خوراک سید شوکت علی شاہ ،وزیر تعلیم بیرسٹر افتخار گیلانی ،وزیر قانون جاوید اختر ،وزیر مال سردار فاروق سکندر،وزیر اطلاعات مشتاق منہاس،وزیر جنگلات سردار میر اکبر،وزیرسٹیٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی احمد رضا قادری ،وزیر شہری دفاع و جیل خانہ جات چوہدری محمد اسحاق نے شرکت کی۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر سید آصف حسین شاہ نے شرکاء کو ترقیاتی منصوبہ جات ،آمدہ بجٹ اور حکومتی ترجیحات کے حوالے سے بریفینگ دی ،شرکاء نے حکومت پاکستان کے مختلف اداروں میں آزادکشمیر حکومت کے موقف کو بہترین انداز میں پیش کرنے پر ،چیف سیکرٹری ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری ،سیکرٹری مالیات کے کردار کو سراہاجلاس سے خطاب کرتے ہوے قائمقام وزیراعظم چوہدری طارق فاروق نے کہا کہ آزادکشمیر حکومت کے جاری میزانیہ کے اندر سب سے زیادہ ترقیاتی اخراجات یقینی بنانے کے اہداف کی تکمیل انتہائی حوصلہ افزا ہے جس کا حکومت پاکستان کی سطح پر بھی اعتراف کیا گیا ہے آزادکشمیر کے ترقیاتی بجٹ میں اضافے پر قائد پاکستان مسلم لیگ ن محمد نوازشریف ،وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کا خصوصی طورپر شکریہ ادا کرتے ہیں اگلے سال بھی ہمارے ترقیاتی بجٹ پر کٹ نہیں لگے گا بلکہ اس میں یقیناًاضافہ متوقع ہے اس سارے عمل میں وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کا بھی بڑا کردار ہے جنہوں نے آزادکشمیر کا مقدمہ بہترین انداز میں پیش کیا جس کی بدولت تمام حل طلب امور کی جانب قابل ذکر پیش رفت ہوئی ہے۔

اس کام کے پیچھے کافی محنت کارفرما ہے ؛قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں آزادکشمیر حکومت کی جانب سے نمائندگی کی اور حکومت کا مطمع نظر پیش کیا وزیراعظم پاکستان کے شکرگزار ہیں جنہوں نے ہماری گزارشات کو توجہ سے سنا اور ان پر عملدرآمد کیے احکامات صادر فرماے۔بجٹ اور دیگر معاملات پر حکومت پاکستان کے موقف کی مکمل حمایت کرتے ہیں ،آزادکشمیر کے اندر پہلی مرتبہ منصوبہ جات وقت سے پہلے مکمل ہورہے ہیں آزادکشمیر کی تقریبا تمام بڑی شاہرات پر کام جاری ہے اور دسمبر تک ان میں سے بیشترپر مکمل ہو جائیگا۔

آنیوالا بجٹ ہماری ترجیحات کا عکاس ہوگا عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوے منصوبہ جات رکھے جائیں گے پہلے سے جاری منصوبہ جات کی بروقت تکمیل سے جہاں وسائل کی بچت ہوتی ہے وہیں عوام کو سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ حکومت کی نیک نامی میں اضافے کا بھی باعث بنتے ہیں۔وزیر خزانہ ڈاکٹر نجیب نقی نے کابینہ اراکین کو آمدہ بجٹ کی تفصیلات اور حکومت پاکستان کے ساتھ ہونیوالی بات چیت سے مفصلا آگاہ کیا۔۔