کراچی ،امہ ویلفیئر ٹرسٹ کے تحت نیلم ،شاہ رسول اورلاڑکانہ کالونی کے 100 غریب مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم

جمعرات 26 اپریل 2018 16:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2018ء) اقراء زینت القرآن اکیڈمی توحیدکمرشل اسٹریٹ ڈی ایچ اے میںمعروف فلاحی ادارے ’’امہ ویلفیئر ٹرسٹ ‘‘کے تحت نیلم کالونی،شاہ رسول کالونی اورلاڑکانہ کالونی کے 100 غریب مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم کرنے کی تقریب منعقد کی گئی جس میں اقراء زینت القرآن اکیڈمی کے پرنسپل قاری سیدمحمدشعیب مجددی اورمولاناحبیب اللہ نے مستحق گھرانوں میں فوڈ پیکج تقسیم کیا،اس موقع پرحافظ سید شاہ زیب سلطان،قاری محمدیوسف،حافظ ذبیح اللہ شاہ اوریارمحمد بھی موجودتھے۔

قاری سیدمحمدشعیب مجددی نے مستحق گھرانوں میں راشن کی تقسیم کیلئے خصوصی تعاون پر امہ ویلفیئر ٹرسٹ کے صوبائی کوآرڈنیٹرمولانا فضل سبحان اوردیگرذمہ داران کا شکریہ اداکیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پراپنے خطاب میں کہا کہ امہ ویلفیئر ٹرسٹ پاکستان گزشتہ18سال سے پاکستان، افریقہ اور مڈل ایسٹ سمیت27سے زائد ممالک میں فلاح انسانیت کے امورمیںمصروف عمل ہے جبکہ پاکستان میں تعلیم، صحت، باعزت روزگار اور صلاحیتوں کے فروغ کو جلا بخشنے سمیت 20شعبوں میں دن رات خدمات اور تربیت فراہم کر رہا ہے،گذشہ سالوں کی طرح امسال بھی خیبر پختونخواہ ، پنجاب ، سندھ ، بلوچستان ، آزاد کشمیر اور افغانستان کے ہزاروں مستحق خاندانوں میں کروڑوں روپے کے امدادی سامان فطرانہ اور عید گفٹ تقسیم کئے جائیں گے،اس کے علاوہ بصارت سے محروم بچوں کے لئے امہ سینٹر فار بلائنڈ راولپنڈی، امہ ڈائیلائسز صوابی، میڈیکل کلینک کوٹلی، یتیموں، بیوائوں، حفاظ اکرام، نو مسلموں اور اساتذہ کی مالی معاونت، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، مساجد کی تعمیر بے گھر افراد کے لئے گھروں کی تعمیر اور آنکھوں کی سرجری سمیت متعدد منصوبے جاری ہیں۔

انہوں کہاکہ خدمت خلق رب العزت کے نزدیک انتہائی پسندیدہ عمل ہے،حقوق العباد کی ادائیگی ہرمسلمان پر لازم ہے، قابل تحسین وستائش ہیں وہ افراد وادارے جو دکھی انسانیت کی فلاح کیلئے اپنے وسائل میں رہتے ہوئے شاندار خدمت انجام دے رہے ہیں، پاکستان کے مسلمانوں کو بھی چاہئے کہ رمضان کے بابرکت مہینے میں ضرورت مندوں کا خیال رکھا جائے اور اپنے عطیات ، خیرات اور صداقات ضرورت مندوں کو پہنچانے اور یتیموں کی کفالت اور بہترین شہری بنانے کیلئے امہ ویلفیئر ٹرسٹ کا ساتھ دیں۔