Live Updates

اسلام آباد ہائی کورٹ نے اقامہ کیس میں وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کو پارلیمنٹ کی رکنیت کیلئے نااہل قرار دیدیا

جمعرات 26 اپریل 2018 16:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے اقامہ کیس میں وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کو پارلیمنٹ کی رکنیت کیلئے نااہل قرار دیدیا ہے۔ جمعرات کو جسٹس اطہر من الله کی سربراہی میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے تین رکنی بنچ نے 10 اپریل کو محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔ فیصلہ جسٹس اطہر من الله نے پڑھ کر سنایا۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے سیالکوٹ سے سابق امیدوار عثمان ڈار نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں خواجہ محمد آصف کے خلاف درخواست دائر کی تھی جس میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے اپنے کاغذات نامزدگی فارم میں تمام اثاثے اور غیرملکی اقامہ ظاہر نہیں کیا اس لئے انہیں نااہل قرار دیا جائے۔ عثمان ڈار کی درخواست پر پہلے جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی تاہم بعد ازاں جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی طرف سے معذرت کے بعد جسٹس اطہر من الله کی سربراہی میں نیا بنچ تشکیل دیا گیا جس نے روزانہ کی بنیاد پر کیس کی سماعت کی۔ فریقین کے دلائل سننے کے بعد 10 اپریل کو فیصلہ محفوظ کر لیا گیا تھا جو جمعرات کو سنایا گیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات