کراچی پورٹ قاسم میں قائم پاور پلانٹ سے 1320 میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل

سی پیک کے تحت توانائی کے منصوبوں سے 10400 میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل ہوگی

جمعرات 26 اپریل 2018 15:53

کراچی پورٹ قاسم میں قائم پاور پلانٹ سے 1320 میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے ( سی پیک) کے تحت توانائی کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے جن سے 10 ہزار 400 میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل ہوگی، کراچی پورٹ قاسم میں قائم پاور پلانٹ سے 1320 میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل ہوگئی ہے۔ جمعرات کو سی پیک سیکرٹریٹ کے حکام کے مطابق پورٹ قاسم پاور پلانٹ کے پہلے یونٹ سے 660 میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل کی گئی ہے جبکہ دوسرا یونٹ رواں مہینے کے آخری ہفتے میں بجلی قومی گرڈ میں شامل کی گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت ارلی ہارویسٹ توانائی کے منصوبوں میں ساہیوال کول پاور پلانٹ اور پورٹ قاسم پاور پلانٹ اہم منصوبے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورٹ قاسم پاور پلانٹ مقررہ شیڈول سے 67 دن قبل تیار ہو ا ہے ۔

(جاری ہے)

اس میں دنیا کی سپر ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے جو ماحول دوست بجلی فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پاور پلانٹ پر ساڑھے تین ہزار پاکستانی کارکنوں نے کام کیا ہے اور اب اس میں تقریباً 120 سے زائد ٹیکنیکل اور مکینیکل انجینئر کام کر رہے ہیں۔

یہ تعداد 450 تک پہنچنے کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیکنیکل اور مکینیکل انجینئرز کو پہلے پاکستان میں تربیت فراہم کی جاتی ہے اور اس کے بعد انہیں تربیت کے لئے چین بھیجا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کی اتنی بڑی سرمایہ کاری نے بین الاقوامی دنیا کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے راغب کیا ہے۔