سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کیلئے قومی شناختی کارڈ کی فیس میں کمی کر دی گئی

جمعرات 26 اپریل 2018 15:36

سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کیلئے قومی شناختی کارڈ کی فیس میں کمی ..
جدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2018ء) پاکستان قونصلیٹ شعبہ نادراکے منیجر محمد منظور نے کہاہے کہ مملکت میں مقیم ہم وطنوں کیلئے نائیکوپ کی فیس میں اضافہ نہیں بلکہ 31 فیصد سے زائدکمی کی گئی ہے ۔عرب ٹی وی سے بات چیت میں انہوںنے کہاکہ پاکستان میں نادرا کارڈ کی تیاری پر حکومت کی جانب سے سبسڈی ملتی تھی جو ختم ہونے کے بعد پاکستان میں کارڈ کی فیسوں میں اضافہ کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ نادرا کی جانب سے بیرون ملک مقیم پاکبانوں کیلئے اے اور بی کیٹگری مقرر کی ہیں ۔ سعودی عرب کا شمار بی کیٹگری میں ہوتا ہے ۔یہاں مقیم پاکستانیوں کیلئے حکومت پاکستان کی جانب سے نائیکوپ فیسوں میں اضافہ نہیں کمی کی گئی ہے ۔ قبل ازیں نائیکوپ نارمل کی فیس 94 ریال تھی جو اب 65 ریال کر دی گئی ہے ۔ ارجنٹ کارڈ بنوانے کی فیس 132 ریال ہوتی تھی ،اب 100ریال میں بنایا جاتا ہے جبکہ ایگزیکٹو کارڈ کیلئے 225 ریال مقرر تھے جسے کم کرکے 140 ریال کر دیا گیا ہے ۔