پیپلز پارٹی نے ہمیشہ نوجوانوں کو روزگار دینے سمیت ملازمین کے حقوق کا بھرپور دفاع کیا، ڈپٹی چیئرمین سینٹ سلیم مانڈوی والا

جمعرات 26 اپریل 2018 13:35

پیپلز پارٹی نے ہمیشہ نوجوانوں کو روزگار دینے سمیت ملازمین کے حقوق کا ..
ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ نوجوانوں کو روزگار دینے سمیت ملازمین کے حقوق کا بھرپور دفاع کیا، گذشتہ حکومت میں 100 فیصد تنخواہوں میں اضافہ کیا، پیپلز پارٹی دوبارہ اقتدار میں آ کر سابق ریکارڈ بھی توڑ ے گی، پیپلز پارٹی عوام کی جماعت ہے، بلاول بھٹو زرداری اس وقت نوجوانوں کی آواز بن چکے ہیں، آئندہ انتخابات میں ہری پور سمیت ملک بھر میں پیپلز پارٹی شاندار کامیابی حاصل کر کے مرکز و صوبوں میں حکومت بنائے گی۔

وہ گذشتہ روز سابق صوبائی وزیر اعجاز علی خان درانی کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ جلسہ سے خطاب کر رہے تھے ۔اس موقع پر میں سینیٹر بہرہ مند تنگی، صوبائی صدر ہمایوں خان، سابق سینئر صوبائی وزیر رحیم داد خان، پیپلز یونٹی کے صدر ہدایت الله، ضلعی صدر ذوالفقار احمد قریشی، اورنگزیب مغل، الله یار درانی، ڈاکٹر شائستہ رزاق، پرویز اختر رانا ایڈووکیٹ، ملک اشتیاق و دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ہری پور کو لوگوں کو در پیش مسائل کے حل کیلئے سینیٹ کے فورم پر بھرپور جدوجہد کی جائے گی، ٹی آئی پی کی بحالی، پوسٹل ملازمین کی اپ گر یڈیشن، جی ٹی روڈ کو دو رویہ کرنے، غازی و ہر ی پور ہسپتالوں کی بہتری کے علاوہ سنٹرل جیل ہری پور کی منتقلی جیسے مسائل بھی حل کروائیں گے۔ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے اعجاز علی خان درانی نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی جماعت ہے جس نے ہمیشہ عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد کی ہے، ہمیں امید ہے کہ نو منتخب ڈپٹی چیئرمین سینٹ ہمارے مسائل حل کروائیں گے، انشاء الله اس دفعہ ہری پور میں حقیق تبدیلی کی بنیاد رکھیں گے، ماضی میں بھی ہم نے تین ماہ کے مختصر عرصہ میں ہری پور کو درپیش بنیادی مسائل کے حل کیلئے بھرپور جدوجہد کی، ہری پور یونیورسٹی کی بنیاد رکھی تاکہ ہماری آئندہ نسل اعلیٰ تعلیم حاصل کرسکے، اب اس علاقہ کو میڈیکل و کیڈٹ کالج کی ضرورت ہے تاکہ ہماری بچے اور بچیا ں بھی اس سے مستفید ہو سکیں۔

صوبائی صدر ہمایوں خان نے کہا کہ گذشتہ الیکشن میں خیبر پختونخوا کے عوام سے دھوکہ کیا گیا، تبدیلی اور اصلاحات سب ڈرامہ ہیں، اگر یہ حقیقت ہیں تو صوبائی وزیر یا وزیراعلیٰ بتائیں کہ ان کے بچے کیوں سرکاری اداروں میں تعلیم حاصل نہیں کر رہے، تعلیم کا بیڑہ غر ق ہو چکا ہے، ہسپتالوں کی حالت بھی دگرگوں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ی پور کے عوام اعجاز علی خان درانی کو کامیاب کریں تاکہ ہم ہری پور میں زیادہ دلجمعی کے ساتھ عوام کے مسائل حل کروا سکیں۔

سابق سینئر صوبائی وزیر رحیم داد خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی غریبوں کی جماعت ہے جس نے ہمیشہ غریب کی فلاح و بہبود کیلئے کام کئے۔ سینیٹر بہرہ مند تنگی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ان جیسے ایک عام شخص کو سینیٹ میں بھیج کر ثابت کر دیا ہے کہ یہ غریبوں کی جماعت ہے، کارکن آپس کے اختلافات بھلا کر پارٹی قیادت کے ہاتھ مضبوط کریں۔ سابق جنرل سیکر ٹری اورنگزیب مغل نے اپنے خطاب میں کہا کہ ٹی آئی پی کو بند کر کے سینکڑوں خاندانوں کا روزگار بند کیا گیا جسے بحال کیا جانا ضروری ہے کیونکہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کو روزگار دیا، بھٹو شہید اور بی بی شہید نے غریب کو شعور دیا، انہیں ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا، اس وقت بھی ہری پور میں 7 ہزار سے زائد خواتین بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہو رہی ہیں جنہیں ڈبل کیا جانا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہری پور کے عوام کو اس دفعہ اعجاز درانی کی صورت میں ایک بہترین آپشن ملا ہے، عوام آئندہ الیکشن میں انہیں کامیاب کر کے اپنی خوشحالی کی بنیاد رکھیں، موصوف نے اپنے گذشتہ تین ماہ کے مختصر دور میں تاریخ ساز کارنامے سرانجام دیئے ہیں۔ اس موقع پر سٹیج سیکرٹری ذوالفقار قریشی نے تقریب کو کامیاب بنانے پر جمشید خان درانی، شجاع احمد، اعظم خان و دیگر ساتھیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔