سعودی عرب، رمضان المبارک میں 20 لاکھ عمرہ زائرین کیلئے انتظامات مکمل

جمعرات 26 اپریل 2018 13:17

جدہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) سعودی عرب کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران آنے والے 20 لاکھ عمرہ زائرین کی میزبانی کے لئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ سعودی اخبار کے مطابق جدہ کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ڈائریکٹر جنرل عاصم نور نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران عمرہ کی غرض سے آنے والے زائرین کے لئے تمام ضروری اقدامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹرجنرل نے کہا کہ شعبان کے آغاز سے عمرہ زائرین کی تعداد میں بہت بڑا اضافہ ہونا شروع ہو گیا ہے اور 15 مئی سے سکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات کے ساتھ اس تعداد میں مزید اضافہ کی توقع ہے۔ انھوں نے کہا کہ جولائی 2018 تک 64لاکھ31ہزار 604 افراد عمرہ ادا کریں گے جن میں سے 33 لاکھ 97 ہزار757 عمرہ زائرین مملکت سے رخصت ہوجائیںگئے ۔ عاصم نور نے مزید کہاکہ زائرین کی سہولت کے لئے ائیر پورٹ انتظامیہ نے پرائیویٹ شراکت داروں سے مل کر مزید 7 ٹرمینل آمد اور 7 ٹرمینل جانے والے زائرین کے لئے قائم کے ہیں تاکہ زائرین کو بہترین اور آسان سہولیات فراہم کی جا سکیں۔