پاکستان کے فوجی بینڈ کا بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے میں اپنے فن کا شاندار مظاہرہ

تقریب کے شرکاء نے پنجابی، پشتو، سندھی اور کشمیری زبانوں کی مشہور اور لوک گیتوں کی دھنوں کو بے حد سراہا 50 رکنی ’’ٹرائی سروس‘‘ ملٹری بینڈ شنگھائی تعاون تنظیم کے 5 ویں’’ہارن آف پیس‘‘ ملٹری بینڈ فیسٹیول میں شریک ہے

جمعرات 26 اپریل 2018 12:53

پاکستان کے فوجی بینڈ کا بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے میں اپنے فن کا ..
بیجنگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) پاکستان کے فوجی بینڈ نے چین کے دارالحکومت بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے میں اپنے فن کا شاندار مظاہرہ کیا اور قومی اور روایتی لوک گیتوں کی دھنیں بجا کر حاضرین کو محظوظ کیا۔ چین میں پاکستان کے سفیر مسعود خالد اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ دفاعی اتاشی بریگیڈیئر احمد بلال، سینئر سفارت کاروں، فوجی حکام، اساتذہ اور طلباء کے بڑی تعداد میں چینی اور پاکستانی کیمونٹی نے تقریب میں شرکت کی۔

فوجی بینڈ نے سب سے پہلے پاکستان کے قومی ترانے کی دھنیں بجھائی۔ جس کے بعد ’’جیوے جیوے پاکستان‘‘ اور ’’اے پتر ہٹاں تے نہیں وکدے‘‘ کی مدھر دھنیں پیش کیں۔ تقریب کے شرکاء نے پنجابی، پشتو، سندھی اور کشمیری زبانوں کی مشہور اور لوک گیتوں کی دھنوں کوبے حد سراہا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے سفیر مسعود خالد نے اعزازی کیپٹن غلام علی کی زیر قیادت فوجی بینڈ کی کارکردگی کی تعریف کی اور اسے منفرد قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اس بینڈ نے عالمی سطح کے ایونٹ شنگھائی تعاون تنظیم کے وزراء دفاع اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے جس میں میزبان ملک چین سیمت ایس سی او کے آٹھ رکن ممالک شریک ہوئے۔ پاکستان کے فوجی بینڈ نے عظیم دیوار چین اور اولمپئک سٹیڈیم جیسی جگہوں پر اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے فوجی بینڈ نے چین کی خوبصورت دھنیں اور پاکستان کے قومی اور روایتی لوک گانوں کی دھنیں بجا کر نہ صرف چینی عوام کے دل جیت لئے بلکہ میڈیا پر بھی چھائے رہے۔

ماسٹر غلام علی نے اس موقع پر بتایا کہ یہ ان کا چین کا تیسرا دورہ ہے اس سے قبل بینڈ نے گزشتہ سال شنگھائی میں چوتھے ملٹری بینڈ فیسٹیول میں شرکت کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے فوجی بینڈ کو چینی بھائیوں نے ہر جگہ بھرپور طریقے سے سراہا تھا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان کا 50 رکنی ’’ٹرائی سروس‘‘ ملٹری بینڈ ان دنوں چین کے سات روزہ دورے پر ہے جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے 5 ویں’’ہارن آف پیس‘‘ ملٹری بینڈ فیسٹیول میں بھی شریک ہے۔ چین، کرغزستان، پاکستان، روس، تاجکستان، ازبکستان، بھارت اور بیلاروس کے ملٹری بینڈ فیسٹیول میں بھی شرکت کررہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :