روس کے ساتھ پاکستان کے دفاعی و اقتصادی شعبے کے تعلقات بتدریج بہتر ہو رہے ہیں،روس توانائی کے منصوبوں میں بھی گہری دلچسپی کا مظاہرہ کر رہا ہے، وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

جمعرات 26 اپریل 2018 00:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ روس کے ساتھ پاکستان کے دفاعی و اقتصادی شعبے کے تعلقات بتدریج بہتر ہو رہے ہیں۔ بدھ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دیگر شعبوں کے علاوہ روس توانائی کے منصوبوں میں بھی گہری دلچسپی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مفاد روس، چین اور ترکی کے ساتھ منسلک ہے۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون سے متعلق بھی روسی ہم منصب کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین نے یہاں تقریبا 60 بلین ڈالرز کی سرمایہ کاری کی ہے،اب روس بھی توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی کا اظہار کر رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ روس کے ساتھ تعلقات میں اضافہ ہماری خارجہ پالیسی کا حصہ ہے۔