آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کی جانب سے کوئٹہ دہشتگردی کے واقعات پرمذمتی اجلاس

بدھ 25 اپریل 2018 23:39

آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کی جانب ..
سکھر۔25اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2018ء) آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کی جانب سے کوئٹہ میں پیش آنے والے خودکش دھماکوں اور دہشتگردی کے واقعات کی مذمت کیلئے تاجروں کا ایک مذمتی اجلاس منعقد ہوا۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں مختلف تاجر تنظیموں کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں کوئٹہ میں ہونے والے خودکش دھماکوں میں شہید ہونیوالے چھ پولیس اہلکاروں سے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور شہداء کیلئے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے بھی دعا کی گئی۔

چیئرمین حاجی محمد ہارون میمن نے کہا ہے کہ پاک فوج کے آپریشن رد الفساد کے نتیجے میں دہشتگرد جلد انجام کو پہنچنے والے ہیں کوئٹہ میں تین خودکش دھماکوں میں چھ پولیس اہلکاروں کی شہادت اور 13 کے زخمی ہونے کا واقعہ قابل مذمت ہے دہشتگرد عناصر کبھی بھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکتے ۔

(جاری ہے)

دہشتگردی کے خلاف پاکستانی عوام اور سیکورٹی فورسز کا عزم و حوصلہ بلند ہے پوری قوم نے مل کر دہشتگردی کو بد ترین شکست دی ہے دہشتگردوں کو ٹھکانے لگانے میں افواج پاکستان، رینجرز، پولیس اور دیگر سیکورٹی فورسز کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

انہوں نے مذیدکہا کہ کوئٹہ میں خودکش دھماکوں کے بعد سیکورٹی فورسز نے جس بہادری کے ساتھ دہشتگردوں کا مقابلہ کیا اور دوبمبار دہشتگرد ہلاک کیے اس کارروائی میں پانچ اہلکار بھی زخمی ہوئے سیکورٹی فورسز کی دہشتگردوں کے سامنے ڈٹ کر مقابلہ کرنے پر پوری قوم انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر قیادت پاک فوج جلد دہشتگردی اور دہشتگردوں کو مکمل طور پر ختم کردے گی پوری قوم اور تاجر برادری پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔