پاکستان مصر دوطرفہ تعلقات ، تجارتی و کاروباری سرگرمیوں میں تسلسل سے اضافہ باہمی ترقی کے لئے ضروری ہے،گورنر سندھ

بدھ 25 اپریل 2018 23:36

پاکستان مصر دوطرفہ تعلقات ، تجارتی و کاروباری سرگرمیوں میں تسلسل سے ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر سے فیروس ہولڈنگ فار انویسٹمنٹ کے وفد نے چیف ایگزیکٹیو آفیسر علوی ایم تیمور Elwy M. Taymor کے ہمراہ گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ وفد میں ندیم حسین، تجمل حسین، سمیر فاروقی ، کریم نور اور فیروس ہولڈنگ کے ایم ڈی علائوالدین الافی شامل تھے ۔ ملاقات میں اقتصادی و معاشی تعاون ، پاکستان میں سرمایہ کاری کے سازگار ماحول کی دستیابی اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور زیر غور آئے۔

جاری ا علامیہ کے مطابق اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان مصر دوطرفہ تعلقات ، تجارتی و کاروباری سرگرمیوں میں تسلسل سے اضافہ باہمی ترقی کے لئے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی حالات ، نئی تجارتی راہداریوں و عالمی تجارتی منڈیوں کی تشکیل سے دو طرفہ سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی تعلقات کو مزید بہتر بنا کر مستقبل کے چیلنجز سے مشترکہ طور پر نبرد آزما ہوا جاسکتا ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان کا معاشی حب کراچی بھرپور استعداد کا حامل شہر ہے جہاں محنتی ، تجربہ کار اور اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد سرمایہ کاروں کے لئے آئیڈیل حیثیت رکھتے ہیں۔ گورنر سندھ نے مزید کہاکہ ماضی میں شہر کے حالات انتہائی ابتر تھے مگر موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی امن وامان کے قیام کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد بلا امتیاز و دبائو آپریشن کاآغاز کیا جس کی بدولت امن و امان کا قیام عمل میں آیا۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کے بحران کے خاتمہ کے بعد پاکستان خوشحالی کی سمت گامزن ہوچکا ہے حکومت نے بجلی کے بحران پر قابو پانے کے لئے شب روز محنت کی اور ملکی تاریخ میں پہلی بار توانائی کے شعبے میںخطیر سرمایہ کاری کی جارہی ہے جس میں لائنوں کی تبدیلی سے بجلی کے ضیاع پر بہت حد تک قابو پالیا گیا ہے۔ کراچی ایک بار پھر روشنیوں اور معاشی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا ہے جہاں رات گئے تک معاشی، اقتصادی، سماجی ، کاروباری ، ثقافتی ، ادبی اور کھیلوں کی سرگرمیاں جاری رہتی ہیں اور یہاں غیر ملکی سرمایہ کاری میں تسلسل سے اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

اس ضمن میں مصری سرمایہ کار، تاجر ، بینکار اور دیگر معاشی سرگرمیوں سے وابستہ افراد شہر کی استعداد سے بھرپور فائدہ حاصل کرسکتے ہیں۔ گورنر سندھ نے وفاقی حکومت اور اپنی جانب سے ہر ممکن تعاون ، مدد اور سیکورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ ملاقات میں موجود ندیم حسین نے گورنر سندھ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ گورنر سندھ کو کاروباری برادری کے مسائل کے حل کے لئے کاوش کرتا ہوا پایا۔ ان کے مخلصانہ اقدامات کے باعث کراچی میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو مزید فروغ حاصل ہورہا ہے۔