ہزارہ یونیورسٹی اور یو این ڈی پی کے درمیان باہمی تعاون کے سمجھوتہ کے تحت حاصل پراجیکٹ میں مینجمنٹ سائنسز ڈیپارٹمنٹ کے 7 طلباء و طالبات نے پہلی پوزیشن حاصل کر لی

بدھ 25 اپریل 2018 23:33

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2018ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ اور یو این ڈی پی کے درمیان باہمی تعاون کے سمجھوتہ کے تحت حاصل کئے گئے پراجیکٹ میں یونیورسٹی کے مینجمنٹ سائنسز ڈیپارٹمنٹ کے 7 طلباء و طالبات نے پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔ تفصیلات کے مطابق ووٹر اینڈ سیوک ایجوکیشن کے موضوع پر یو این ڈی پی پاکستان نے ہزارہ یونیورسٹی سمیت پاکستان کی دیگر تین یونیورسٹیوں کو مذکورہ موضوع پر 6 ماہ کا پراجیکٹ دیا ہے جس میں پہلے ماہ کی کارکردگی کے جائزے کے مطابق ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے مینجمنٹ سائنسز کے طلباء و طالبات نے پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

پراجیکٹ کے دوران ہر طالب علم کو 62000 روپے ماہانہ وظیفہ بھی دیا جا رہا ہے۔ پراجیکٹ کے فول پرسن اور مینجمنٹ سائنسز ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ محمد وسیم اور پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات نے یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر نے اس موقع پر کہا کہ ہزارہ یونیورسٹی کے طلباء تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی یونیورسٹی کا نام روشن کر رہے ہیں جو ہ نہایت خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہونہار طلباء پاکستان کا مستقبل ہیں اور آپ سے ہی ملک و قوم کی امیدیں وابستہ ہیں اور اس کیلئے ضروری ہے کہ آپ تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں کے علاوہ لیڈر شپ سرگرمیوں میں بھی آگے آئیں تاکہ مستقبل میں ملک کی باگ ڈور سنبھال سکیں۔ وائس چانسلر نے مزید کہا کہ یونیورسٹی کے طلباء و طالبات کی کارکردگی ہمارے لئے باعث فخر اور نہایت حوصلہ افزاء ہے۔ وائس چانسلر نے مینجمنٹ سائنسز کے ہیڈ محمد وسیم کی کارکردگی کو سراہا اور طلباء و طالبات کو یقین دلایا کہ ہزارہ یونیورسٹی ہم نصابی سرگرمیوں کی سرپرستی جاری رکھے گی۔

متعلقہ عنوان :