وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے گورنمنٹ انجنیئرز کے سروس سٹرکچر اور اپ گریڈیشن کے مسائل حل کرنے کیلئے کمیٹی کی تشکیل دیدی

کمیٹی کو مسائل کے مستقل حل کیلئے اپنی سفارشات ایک ہفتے کے اندر جمع کرانے کا ٹاسک حوالے کیا گیا ہے

بدھ 25 اپریل 2018 23:31

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے گورنمنٹ انجنیئرز کے سروس سٹرکچر اور اپ ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2018ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے گورنمنٹ انجنیئرز کے سروس سٹرکچر اور اپ گریڈیشن کے مسائل حل کرنے کیلئے ری سٹرکچرنگ کمیٹی کی تشکیل کا اعلان کیا ہے کمیٹی محکمہ ہائے خزانہ ، منصوبہ بندی و ترقیات، مواصلات و تعمیرات، آبپاشی اور اسٹبلیشمنٹ کے سیکرٹریوں پر مشتمل ہو گی جسے انجنیئرز کی سروس سٹرکچر و نئی آسامیوں، ترقیوں اور انجنیئرنگ پروفیشنل الاؤنس سمیت دیگر مسائل کے مستقل حل کیلئے اپنی سفارشات ایک ہفتے کے اندر جمع کرانے کا ٹاسک حوالے کیا گیا ہے وہ وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں گورنمنٹ انجنیئرز کے وفد سے باتیں کر رہے تھے صوبائی وزراء عنایت اللہ، مظفر سید ایڈوکیٹ ، محمود خان ، امتیاز شاہد قریشی، اکبر ایوب خان، رکن صوبائی اسمبلی طفیل انجم اور متعلقہ صوبائی محکموں کے انتظامی سیکرٹری بھی اس موقع پر موجود تھے وزیر اعلیٰ نے گورنمنٹ انجنیئرز کیلئے مراعات کے پیکج کی تیاری سے اصولی طور پر اتفاق کیا جس میں گورنمنٹ انجنیئرز کی ری سٹرکچرنگ، اپ گریڈیشن، نئی پوسٹوں کی تخلیق اور پروفیشنل الاؤنس شامل ہیں تاہم واضح کیا کہ ری سٹرکچرنگ کمیٹی گورنمنٹ انجنیئرز کے مطالبات کا حقیقت پسندانہ بنیادوں پر جائزہ لے اور صوبے کے وسائل کی صورتحال بھی پیش نظر رکھے اور اسکی روشنی میں مبنی بر حقیقت سفارشات مرتب کرے انہوں نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت ان سفارشات کی منظوری میں دیر نہیں لگائے گی پرویز خٹک نے کہا کہ اگرچہ صوبے کو گونا گوں مالی دشواریوں کا سامنا ہے جس کی وجہ سے ترقی کی رفتار تیز کرنے میں رکاوٹیں حائل ہیں تاہم یہ بات بھی خوش آئند ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت کی موثر حکمت عملی کے سبب وفاق سے پن بجلی منافع کے 6ارب روپے سالانہ کیپ ختم کرکے 18ارب روپے سالانہ اور بقایاجات ادائیگی کے مطالبات منوا لئے گئے ہیں جس کے سبب ہمیں جلد ایک سو ارب روپے بقایاجات کی مد میں ملنے ہیں اور یہ وسائل سرکاری ملازمین سمیت صوبے کے عوام کی سماجی اور معاشی حالت کی بہتری پر خرچ کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت تمام سرکاری ملازمین کے لئے مثالی حالات کار تشکیل دینے کی خواہشمند ہے انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں مختلف محکموں اور شعبوں کے ملازمین کی اپ گریڈیشن اور تنخواہوں میں اضافے کی صورت میں انکی حکومت پہلے ہی تاریخ مرتب کر چکی ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انکی حکومت کے اس تاریخی اقدام کا بنیادی مقصد سرکاری ملازمین کو عوامی خدمات بجا لانے کیلئے بہترین ماحول مہیا کرنا ہے انہوں نے سیکرٹری خزانہ کو ہدایت کی کہ وہ گورنمنٹ انجنیئرز کے تمام جائز مطالبات کا ہمدردانہ جائزہ لے اور صوبے کے مالی اور قانونی حدود و قیود کو دیکھتے ہوئے انکا جامع حل نکالے انہوں نے کہا کہ حکومت سرکاری ملازمین کے مسائل پہلے بھی حل کرتی آ رہی ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ گورنمنٹ انجنیئرز سمیت تمام سرکاری ملازمین ان سہولیات اور مراعات کا جواب اپنی حسن کارکردگی اور عوام کی بے لوث خدمت کی صورت میں دیں گے۔