کراچی،جماعت اسلامی کے نائب امیر سید وجیہہ حسن کا 27 اپریل کو لوڈشیڈنگ کے خلاف ہونے والی ہڑتال کے سلسلے میں مختلف بازاروں کا دورہ

بدھ 25 اپریل 2018 23:29

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اپریل2018ء) جماعت اسلامی ضلع وسطی کے نائب امیر سید وجیہہ حسن اور محمد احمد قاری نے 27 اپریل کو اذیت ناک لوڈشیڈنگ اور پانی کے بحران کے خلاف جماعت اسلامی کی اپیل پر ہونے والی پُرامن ہڑتال کے سلسلے میں ضلع کے مختلف بازاروں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ امیر زون نیو کراچی اکبر قریشی، امیر زون نارتھ کراچی طارق مجتبیٰ، امیر زون ناظم آباد سہیل زیدی، سابق نائب ٹائون ناظم لیاقت آباد شہاب الدین، اسحاق تیموری، عبید احمد خان، فاروق فاروقی و دیگر بھی موجود تھے۔

رہنمائوں نے حیدری مارکیٹ، سرینہ موبائل مارکیٹ، ہارون شاپنگ مال، لیاقت آباد سپر مارکیٹ، صرافہ بازار، فرنیچر مارکیٹ، ٹمبر مارکیٹ، سریا مارکیٹ، گلبہار سینیٹری مارکیٹ، گول مارکیٹ ناظم آباد، عائشہ منزل فرنیچر مارکیٹ، مینا بازار،حسین آباد فوڈ اسٹریٹ، سبزی منڈی، واٹر پمپ کریانہ اور سینیٹری مارکیٹ، یوپی موڑ کی مارکیٹ، 5 نمبر مارکیٹ نیو کراچی، چب بورڈ مارکیٹ گودھرا،سندھی ہوٹل کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

وفد نے 27 اپریل کو پُرامن ہڑتال کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے کہا کہ شہر میں جاری اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے کاروبار تباہ کر دیئے ہیں، شہر کراچی میں پانی اور بجلی نہ ہونے کی وجہ سے کراچی کی تجارتی مارکیٹیں اور صنعتیں بند ہورہی ہیں، ہڑتال کو کامیاب کر کے مسائل حل کرانے میں جماعت اسلامی کی ’’حقوق کراچی تحریک ‘‘کا حصہ بنیں اور حکام بالا کو مجبور کریں تاکہ مسائل حل ہوسکیں۔مارکیٹ ایسوسی ایشن کے ذمہ داران اور دکانداروں نے جماعت اسلامی کے وفد کو مکمل تعاون کا یقین دلایا۔