ٹی 10 کرکٹ لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں دو نئی ٹیمیں شامل

بدھ 25 اپریل 2018 23:22

ٹی 10 کرکٹ لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں دو نئی ٹیمیں شامل
دبئی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2018ء) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ٹی 10 کرکٹ لیگ کے افتتاحی ایڈیشن 2017ء کی کامیابی کے بعد مزید دو نئی ٹیموں کی شمولیت کے ساتھ ٹی 10 کرکٹ لیگ 2018ء کا انعقاد رواں سال نومبر میں ہو گا۔ ٹی 10 کرکٹ کے دوسرے سیزن کی میچز رواں سال نومبر 2018ء میں کھیلے جائیں گے جس میں شرکت کے لئے 8 ٹیمیں مقررہ 10 اوورز کے میچز کے لئے مکمل کر لی گئی ہیں۔

دو نئی ٹیموں کی شمولیت سے ٹیموں کے تعداد 8 ہو گئی ہے۔ جمعرات کو دبئی میں ہونے والی تقریب میں ٹیموں کے ناموں کا اعلان کیا گیا جس کے مطابق کیرالا گنگز، مراٹھا اربینز، پختون ٹیم، پنجابی لیجنڈز، بنگال ٹائیگرز، ناردرن واریئرز، راجستھانی ہیروز اور کراچینز شامل ہیں۔ تقریب میں کیرالا گنگز نے اپنے نئے کواونر علی اسفاک کا بھی اعلان کیا۔

(جاری ہے)

ناردرن واریئر کے شہباز الیاس، محمد مورانی اور لطیف مورانی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم لیگ کو مزید مشہور ہوتا ہوا دیکھ رہے ہیں، گذشتہ سال لیگ نے بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اس سال دو نئی ٹیمیں شامل ہوئی ہیں اور ناردرن واریئر بہت خوش ہے کہ وہ اس سال اس لیگ میں نئی ٹیم کی حیثیت سے شامل ہے۔ موریلی اسپورٹس کے بانی محمد مورانی نے کہا کہ ہم اس سال بڑی لیگ دیکھ رہے ہیں اور اس لیگ میں بہت کچھ ہونے والا ہے۔

کراچینز کو محمد عمران امین، محمد علی احمد اور محسن عمران اون کر رہے ہیں۔ محمد عمران امین نے کہا کہ روشنیوں کے شہر میں ٹی 10 کرکٹ لیگ کی تیاریاں جاری ہیں اور بڑے مقابلوں کی توقع ہے۔ راجستھانی ہیروز کے ویاث اور شہزاد نے کہا کہ سب کونٹیننٹ میں کرکٹ ہر شہری کے خون میں شامل ہے اور ہم راجستھانی ہیروز امن اور کرکٹ کے ذریعے محبت کے لئے کھیلیں گے۔

ٹیم سری لنکا کو گذشتہ سال اون کرنے والے وجے ویاث اور کاشف شہزاد نے اپنی ٹیم کو راجستھانی ہیروز کے نام سے تبدیل کر لیا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ٹی 10 لیگ شجیع الملک نے کہا کہ میں کھلاڑیوں کے جوش سے بہت متاثر ہوں اور چاہتا ہوں کہ 2016ء کے ورلڈ کپ کے کرائوڈ کی طرح ٹی 10 کرکٹ میں بھی جوش و جذبہ دیکھنا میں آئے، ہمارا ویژن ہے کہ ٹی 10 کرکٹ دنیا بھر میں ڈومیسٹک اور بین الاقوامی کرکٹ کا حصہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک کے کرکٹ بورڈ سے ٹی 10 کرکٹ کو ان کے اپنے ملک میں شامل کرنے کے لئے گفت و شنید جاری ہے۔ ڈومیسٹک کرکٹ کے اجمان کرکٹ بورڈ نے دو ٹی 10 کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا ہے جس کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی 10 کرکٹ لیگ میں دو مزید شامل ہونے والی ٹیموں کے اونرز نے لیگ میں سرمایہ کاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گذشتہ سال ٹی 10 کرکٹ کے میچز چار روزہ ٹورنامنٹ پر مشتمل تھے لیکن اس سال اس میں اضافہ کر کے اسے 10 روزہ ٹورنامنٹ کر دیا گیا ہے۔ ٹی 10 کرکٹ لیگ کے صدر سلمان اقبال نے کہا کہ 10 اوورز کے فارمیٹ پر مشتمل کرکٹ میں برصغیر کے کھلاڑی اسٹریٹ پر کھیل کر کرکٹ اسٹارز بنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی 10 کرکٹ میں تیز زندگی کی طرح کرکٹ کھیلی جاتی ہے، باسکٹ بال اور فٹ بال نوجوانوں میں بہت مشہور ہیں جو کہ 90 منٹ کے گیمز ہیں، اسی طرح ٹی 10 کرکٹ میں بھی 90 منٹ کی کرکٹ کھیلی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ 10 اوورز کے فارمیٹ پر مشتمل ٹی 10 کرکٹ لیگ پہلی بین الاقوامی منظور شدہ لیگ ہے جسے ملک ہولڈنگز کے بانی چیئرمین شجیع الملک اور اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے بانی سلمان اقبال نے شروع کیا تھا۔