سربراہ پاک بحریہ کی تہران میں ایرانی اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں،

باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے پاکستان کے میری ٹائم نقطہ نظر اور خطے کی میری ٹائم سکیورٹی کو یقینی بنانے میں پاک بحریہ کی خدمات اور خطے کے لیے سی پیک سے پیدا ہونے والے خوشحالی کے مواقع سے بھی آگاہ کیا

بدھ 25 اپریل 2018 23:10

سربراہ پاک بحریہ کی تہران میں ایرانی اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں،
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اپریل2018ء) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے ایرانی اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں ،ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے پاکستان کے میری ٹائم نقطہ نظر اور خطے کی میری ٹائم سکیورٹی کو یقینی بنانے میں پاک بحریہ کی خدمات اور خطے کے لیے سی پیک سے پیدا ہونے والے خوشحالی کے مواقع سے بھی آگاہ کیا۔

سربراہ پاک بحریہ تہران میں منعقد ہونے والے چھٹے انڈین اوشن نیول سمپوزیم کے کنکلیو آف چیفس میں شرکت کرنے کے لیے ایران کے سرکاری دورے پر ہیں۔ انڈین اوشن نیول سمپوزیم کے دوران بحرِ ہند کی میری ٹائم سکیورٹی سے متعلقہ مسائل پر پینل مباحثے اور انڈین نیول اوشن سمپوزیم کے ممبرز اور آبزرور ممالک کی بحری افواج کے سربراہان کے اجلاس جیسی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔

(جاری ہے)

پینل مباحثے کے دوران وائس ایڈمرل(ریٹائرڈ)افتخار احمد نے میری ٹائم ٹریڈ وژن آف انڈین اوشن کے موضوع پر مقالہ پڑھا۔انڈین اوشن نیول سمپوزیم اور کنکلیو آف چیفس کے دوران پاک بحریہ کے سربراہ اور ایران کے اعلی حکام بشمول ایران آرمی کے سربراہ میجر جنرل سید عبدالرحیم موساوی اور عالمی بحری افواج کے سربراہان کے درمیان ملاقاتیں منعقد ہوئیں جن میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے شرکا کو پاکستان کے میری ٹائم نقطہ نظر اور خطے کی میری ٹائم سکیورٹی کو یقینی بنانے میں پاک بحریہ کی خدمات اور خطے کے لیے سی پیک سے پیدا ہونے والے خوشحالی کے مواقع سے آگاہ کیا۔نیول چیف نے بحرِ ہند کی سکیورٹی کو درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالی اور خطے کی میری ٹائم سکیسورٹی کو مزید بہتر بنانے کے لیے علاقائی بحری افوا ج کے اشتراک کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

بحری اقتصادیات سے بھر پور فائدہ اٹھانے کے لیے آپ نے بحرِ ہند کے ساحلی ممالک کے اشتراک پر زور دیا۔انڈین اوشن نیول سمپوزیم ایک ایسا اقدام ہے جس کا مقصد مشترکہ علاقائی میری ٹائم فورم کی تشکیل ہے ۔پاکستان مارچ2014کو آسٹریلیا میں منعقدہ کنکلیو آف چیفس اجلاس میں انڈین اوشن نیول سمپوزیم کا ممبر بنا۔ موجودہ وقت میں 23ممالک اس سمپوزیم کے ممبرز اور 9ممالک اس کے آبزرورز ہیں۔

پاک بحریہ انڈین اوشن نیول سمپوزیم کی سرگرمیوں میں بھر پور انداز سے شرکت کرتا ہے کیونکہ یہ سمپوزیم مشترکہ عالمی بھلائی کے لیے شریک ممالک کو مل کر کام کرنے کا پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے۔ انڈین اوشن نیول سمپوزیم اور کنکلیو آف چیفس میں پاک بحریہ کے سربراہ کی شرکت علاقائی امن کے سلسلے میں پاکستان کے عزم کی عکاس ہے اور ایک مشترکہ سوچ کے ذریعے علاقائی میری ٹائم سکیورٹی کو یقینی بنانے کے سلسلے میں پاک بحریہ کی کاوشوں کا مظہر ہے۔

متعلقہ عنوان :