سپریم کورٹ کی تھائی لینڈ اور سری لنکا میں قید پاکستانیوں کی فوری واپسی کے لیے اقدامات اٹھانے کی ہدایت

بدھ 25 اپریل 2018 23:10

سپریم کورٹ کی تھائی لینڈ اور سری لنکا میں قید پاکستانیوں کی فوری واپسی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2018ء) سپریم کورٹ نے حکومت کو تھائی لینڈ اور سری لنکا میں قید پاکستانیوں کی فوری واپسی کے لیے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی ہے۔ بدھ کوچیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے تھائی لینڈ اور سری لنکا میں قید پاکستانیوں کی واپسی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کوبتایا کہ وزارت داخلہ نے تمام ممالک کے ساتھ اس حوالے سے کئے گئے معاہدوں کو بحال کر دیا ہے، یہ معاہدے سابق وزیر داخلہ نے ختم کئے تھے ، جس کے بعد حکومت نے پاکستانی شہریوں کو واپس لانے کے لیے فوری اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔ چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ حکومت اس معاملے کو حل کرنے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے۔ بعد ازاں مزید سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دی گئی۔