پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں مندی

بدھ 25 اپریل 2018 22:49

پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں مندی
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2018ء) پاکستان اسٹاک ایکس چینج میںبدھ کے روز کاروباری اتار چڑھائو کے بعد کاروبار حصص مندی کی لپیٹ میں رہا،کاروبار کے دوران انڈیکس 45900پوائنٹ کی سطح عبور کرنے کے بعد 45700پوائنٹس کی کم سطح پر بند ہوا ،مندی کے سبب مارکیٹ میں سرمایہ کارو ں کے 23ارب روپے ڈوب گئے ،پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بدھ کو کاروبار کے آغاز پر توانائی اور فوڈز سمیت دیگر شعبوں میں خریداری کی بدولت ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای100انڈیکس45944پوائنٹس کی سطح کو چھو گیا تھا تاہم مقامی انسٹی ٹیوشنز اور بروکریج ہائوسز کی جانب سے منافع خوری کی خاطر فروخت کے دبائو مارکیٹ سے تیزی کے اثرات زائل ہو گئے اور انڈیکس کی الٹی گنتی شروع ہو گئی۔

مارکیٹ میں بدھ کو کاروبار کے اختتام پرکے ایس ای 100 انڈیکس میں158.36پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے انڈیکس 45876.70پوائنٹس سے گھٹ کر 45718.34پوائنٹس ہو گیا اسی طرح119.04پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای 30انڈیکس22509.21پوائنٹس، کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس83.66پوائنٹس کم ہو کر33091.28پوائنٹس پر آگیا ۔

(جاری ہے)

بدھ کو شیئرز مارکیٹ میںمجموعی طور پر393کمپنیوں کے شیئرز میں کاروباری سرگرمیاں رہیں جن میں سے 132کے داموں میں اضافہ ہوا جبکہ 237کمپنیوں کے حصص کے بھائو کم ہوگئے جبکہ24کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

مارکیٹ میںبدھ کو 18کروڑ7لاکھ7ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ منگل کو 15کروڑ42لاکھ 82ہزار حصص کاکاروبار ہوا تھا۔کاروباری مندی کے سبب مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ23ارب97کروڑ57لاکھ20ہزار122روپے کی کمی سے 94کھرب25ارب17کروڑ80لاکھ 10ہزار854روپے رہ گیا ۔ کاروبار کے لحاظ سے اینگرو پولیمر2کروڑ38لاکھ ،پاک الیکٹرون 2کروڑ3لاکھ ،یونٹی فوڈز لمیٹڈ 1کروڑ22لاکھ ،بینک آف پنجاب 93لاکھ44ہزار اور فوجی فوڈز لمیٹڈ 74لاکھ65ہزار حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے ۔

قیمتوں میں سب سے زیادہ تیزی سیمنس پاک کے حصص کی قیمت میں ہوئی جو42.97 روپے کے اضافے سی1014.02 روپے پر بند ہوئی۔ اسی طرح اسلینڈ ٹیکسٹائل کے حصص کی سودے بھی42.75 روپے کی تیزی سی897.75 روپے پر بند ہوئے۔ سب سے زیادہ مندی کولگیٹ پامولیو اورباٹا پاک کے حصص کی قیمتوں میں ہوئی۔ کولگیٹ پامولیو کے حصص کی قیمت169.98 روپے کی مندی سی3280.02 روپے اور باٹا پاک کے حصص کی قیمت بھی132.23 روپے کی کمی سی2512.38 روپے رہ گئی۔