حیدرآباد،سستی بجلی پیدا کرنے والے لاکھڑا پاور پلانٹ کی غیر اعلانیہ بندش اور ملازمین سرپلس پول میں ڈالنا ملک و مزدور دشمنی کے مترادف ہے،ایم این اے کنور نوید جمیل

بدھ 25 اپریل 2018 22:18

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اپریل2018ء) سستی بجلی پیدا کرنے والے لاکھڑا پاور پلانٹ کی غیر اعلانیہ بندش اور وہاں کے ملازمین سرپلس پول میں ڈالنا ملک و مزدور دشمنی کے مترادف ہے ۔ان خیالات کا اظہار متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوئنر و ایم این اے کنور نوید جمیل نے اپنے رابطہ آفس میں کھانوٹ لاکھڑاہائوس کے ملازمین نوید عباسی کی قیادت میں انے والے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے اپنی گفتگو میں کیا۔

اس موقع پر ملازمین کے وفد نے پاور پلانٹ کی بندش اور اس عمل سے متاثر ہونے والے حیدرآباد ،لطیف آباد ،قاسم آباداور کوٹری سمیت اندورن سندھ کے 350ملازمین کے تحفظات سے آگاہ کیا اسکے علاوہ انہوں نے ملک بھر میں لاہور ،ملتان اور شاہدرہ پاور پلانٹ کی بندش سے ملازمین کی مشکلات ومصائب سے بھی آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

ایم کیوایم (پاکستان) رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوئنر و ایم این اے کنور نوید جمیل نے مزید کہاکہ حکومتی پالیسی سمجھ سے بالاتر ایک طرف 150میگاواٹ کے پاور پلانٹ بند کئے جارہے ہیں تو دوسری جانب 1200میگا واٹ کے پاور پلانٹ کے پروجیکٹ لگانے کی حکمت عملی بنائے جارہی ہے جو یقینا بجلی کی فراہمی سے زیادہ مال کمانے کی پالیسی نظر آتی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ملازمین کو دور دارز علاقوں میں ٹرانسفر کرنے اور سر پلس پول میں ڈالنے کے عمل کی ایم کیوایم سخت مذمت کرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ سستی بجلی پیدا کرنے والے پاور پلانٹ کی بندش اور مہنگی بجلی کی خریداری ملک و قوم کو نقصان پہچانے کا عمل ہے اور اس عمل کیخلاف ایم کیوایم ہر سطح پر آواز بلند کریگی ۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم مزدور دشمن پالسیوں کی سخت مذمت کرتی ہے اور حکومت وقت سے مطالبہ کرتی ہے کہاکہ لاکھڑاپاور پلانٹ سمیت تمام پاور پلانٹ چلائے جائے تاکہ ملک سے اندھیروں کا خاتمہ ہوسکیں اور ملازمین میں پائی جانے والی بے چینی کا بھی خاتمہ ہوسکیں ۔