حافظ آباد، سائرہ افضل تارڑ کی جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے اور انکی بروقت تکمیل کی ہدایات

31مئی تک ضلع بھر کے جاری منصوبے ہر حال میں مکمل کرنے کے لئے ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں،وفاقی وزیر صحت

بدھ 25 اپریل 2018 22:12

حافظ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اپریل2018ء) وفاقی وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ نے جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے اور انکی بروقت تکمیل کی ہدایات جاری کرتے ہوئے ترقیاتی محکموں کے افسران پر واضح کیاہے کہ اس سلسلہ میں کوئی تاخیراور عذر قابل قبول نہیں ہو گا اور تمام منصوبے 31مئی تک ضلع بھر کے جاری منصوبے ہر حال میں مکمل کرنے کے لئے ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں ۔

انہوں نے تجاوزات اور عطائیوں کے خلاف جاری مہم کے نتائج پر بھی اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ عوامی مفاد میں کی جانے والی ان کاروائیوں میں بلا امتیاز ایکشن لیا جائے ۔انہوں نے یہ ہدایات ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقدہ ایک اجلاس کے دوران کیں ۔ڈپٹی کمشنر حافظ آباد صالحہ سعید ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو ) اللہ دتہ وڑائچ ،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ شاہد اقبال بھٹی سمیت دیگر افسران بھی اجلاس میں شریک ہوئے وفاقی وزیر صحت نے بالخصوص پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کے ایکسئن پر زور دیا کہ وہ جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے ساتھ تعمیراتی کوالٹی کو بھی برقرار رکھیں ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے چیف جسٹس آف پاکستان کے حکم پر دیگر اضلاع کے ساتھ حافظ آباد میں بھی اتائیوں کے خلاف جاری مہم اور تجاوزات کے خاتمے کے سلسلہ میں کئے گئے اقدامات کو سراہا اور ڈپٹی کمشنر صالحہ سعید اور انکی پوری ٹیم کی کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے بلاتفریق ایکشن جاری رکھنے کی ہدایت کی ۔ڈپٹی کمشنر نے وفاقی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ابتک کی کاروائی میں کم وبیش 90اتائیوں کے کلینک سیل کر دئیے گئے ہیں اور انہوں نے ایک خصوصی 10رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی ہے جس کو اتائیوں کے خلاف کاروائی کا ٹاسک دیا گیاہے انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے کے لئے مسلسل اقدامات درکارہوتے ہیں اور انکی پوری ٹیم روزانہ کی بنیاد پر عارضی تجاوزات کے خاتمے کے لئے کاروائی جاری رکھے ہوئے ہے اور اس وقت تمام اہم بازاروں سے تجاوزات بڑی حد تک ختم کی جاچکی ہیں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ شاہد اقبال بھٹی نے بھی وفاقی وزیر کو جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالہ سے تفصیلی بریف کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ تمام منصوبے 31مئی کی ڈیڈ لائن سے پہلے مکمل کئے جائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :