دہشت گردی کو شکست دینے کیلئے پیغام پاکستان کو عام کرنا ہوگا،صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی

ملک دشمن قوتیں پاکستان میں انتشار پھیلانا چاہتی ہیں۔اسلام اور آئین پاکستان بے گناہ انسانیت کے قتل کی ہرگز اجازت نہیں دیتا، چیئرمین علماء کونسل

بدھ 25 اپریل 2018 21:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اپریل2018ء) دہشت گردی کو شکست دینے کیلئے پیغام پاکستان کو عام کرنا ہوگا۔کوئٹہ میں خود کش دھماکے دشمن کی بزدلانہ کارروائی ہے۔ ایسے گھنائونے اقدام کا جواب دینے کیلئے پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا۔ملک دشمن قوتیں پاکستان میں انتشار پھیلانا چاہتی ہیں۔اسلام اور آئین پاکستان بے گناہ انسانیت کے قتل کی ہرگز اجازت نہیں دیتا۔

شریعت اسلامیہ نے بے گناہ انسانوں کا خون بہانے کو ناجائز اور حرام قرار دیا ہے۔مرکزی علماء کونسل کے زیر اہتمام ’’پیغام پاکستان واتحاد امت کانفرنس‘‘ آج (26اپریل بروز جمعرات) سرگودھا میں ہوگی۔ یہ بات مرکزی علماء کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے علماء سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صاحبزادہ پیر جی خالد محمود قاسمی،مولانا سید ابوبکر شاہ،مولانا محمد مشتاق لاہوری،حافظ محمد طیب قاسمی،مولانا ابوسفیان حنفی،حافظ مقبول احمد ،مولانا عمر قاسمی،مولانا مجیب الرحمن ،مولانا برکت اللہ ،مولانا شریف محمودی ودیگر بھی موجود تھے۔

صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ کوئٹہ خود کش حملوں جیسے واقعات کی نہ اسلام اجازت دیتا ہے اور نہ ہی ملک ملک کا قانون اجازت دیتا ہے۔ نیشنل ایکشن پلان کے تمام نکات پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہوگا ۔دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کیلئے پاکستان میں کوئی جگہ نہیں ۔دہشت گردی کیخلاف پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑرہی ہے۔ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے پاکستان میں رہنے والے تمام مذاہب اور مسالک کے لوگ مشترکہ مؤقف رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے پیچھے بھارت کی سازش کارفرما ہے جو پاکستان کی سلامتی اور خود مختاری کو کمزور کرنے کی بھیانک سازش کے تحت ملک میں لسانی،صوبائی اور مذہبی منافرت کی فضاء پیدا کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ انہوں نے کہا مرکزی علماء کونسل کوئٹہ میں ہونے والے خود کش حملوں کی شدید مذمت کرتی ہے اور شہید ہونے والے پاکستانی قوم کے بہادر جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔