پاکستان بہت نازک دور سے گزر رہا ہے، سردارسربلند جوگیزئی

پیپلزپارٹی کے سوا کوئی بھی جماعت پاکستان کو بحران سے نہیں نکال سکتی،پی پی نے انتقامی سیاست نہیں کی، ہمیشہ جمہوریت کی بات کی ہے

بدھ 25 اپریل 2018 20:48

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ آج پاکستان بہت نازک دور سے گزر رہا ہے اور پیپلزپارٹی کے سوا کوئی بھی جماعت پاکستان کو بحران سے نہیں نکال سکتی،پی پی نے انتقامی سیاست نہیں کی بلکہ ہمیشہ جمہوریت کی بات کی ہے،شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو کے فرزند و چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کوئٹہ پہنچنے پر شاندار استقبال کیا جائے گا کارکن 4مئی کے جلسہ کو کامیاب بنانے کیلئے بھر پور تیاریاں کریں۔

یہ بات انہوں نے بدھ کو پیپلز پارٹی بلوچستان کے میڈیا سیل میں پی ایس ایف کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی اجلاس میں پی ایس ایف کے صوبائی صدر اشفاق بلوچ ، جنرل سیکرٹری بلال حسین ، سیکرٹری اطلاعات بابل بنگلزئی ،سینئر نائب صدر شہزاد شاہوانی ،ڈپٹی جنرل سیکرٹری افتخار بنگلزئی ،کوئٹہ کے صدر گلزار بلوچ ، جنرل سیکرٹری مقصود ، اطلاعات سیکرٹری عمران لانگو نے شرکت کی اس موقع پر پیپلز سپورٹس ونگ کے صدر شہزادہ کاکڑ ،سیکرٹری اطلاعات عبدالباری موسیٰ خیل ،ندیم آفریدی ،کوئٹہ سٹی کے صدر ملک ذیشان ، عصمت اللہ کاکڑ اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

۔اجلاس میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے دورہ کوئٹہ کی تیاریاں اور جلسہ کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سردارسربلند جوگیزئی نے کہا کہ پی ایس ایف پارٹی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں پی ایس ایف کے رہنماوں اور کارکنوں کے چاہئے کہ وہ طالب علموں اور نوجوانوں کو پیپلز پارٹی کے منشور اور پروگرام سے آگاہ کریں کیونکہ نوجوان کسی بھی معاشرے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی مزدوروں ،محنت کشوں،کسانوں اور طالب علموں کی پارٹی ہے ہمیں پارٹی کو مضبوط بنانا ہے پیپلز پارٹی اور ذیلی تنظیموں کے کارکن پارٹی کی طاقت ہیں جو شہید بھٹو کے فلسفہ پر یقین رکھتے ہیں ۔سردارسربلند جوگیزئی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین اوردیگر قائدین کا کوئٹہ پہنچنے پر والہانہ استقبال کیا جائے گا اور پارٹی کے زیراہتمام 4مئی کو ہاکی گراؤنڈ میں جلسہ عام میں ہوگا جس میں بلوچستان بھر سے عوام بھر پور شرکت کرکے یہ ثابت کریں گے کہ پیپلز پارٹی بلوچستان کی سب سے بڑی سیاسی و جمہوری جماعت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایف کے عہدیدا ر اور کارکن بلاول بھٹو زرداری کے جلسہ عام کو کامیاب بنانے کیلئے بھر پور تیاریاں کریں اور پارٹی پیغام و منشور کو گھر گھر پہچائیں۔