پاکستان اللہ تبارک و تعالی کا بہت بڑا انعام ہے جس کیلئے ہمارے آبائو اجداد نے بہت بڑی قربانیاں دی ہیں‘

ملک کو درپیش چیلنجوں کا تقاضاہے کہ ہم سب اپنی اپنی اناکے خول سے باہر نکل کر قومی مفاد کیلئے ایک ہو جائیں‘جمہوریت اور سیاست پاکستان سے ہے اس لئے ملک کی سلامتی ،ترقی اور خوشحالی کے لیے ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے آزادجموں وکشمیر کے وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کا نجی ٹی وی کے معروف پروگرام میں اظہار خیال

بدھ 25 اپریل 2018 19:59

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 اپریل2018ء) آزادجموں وکشمیر کے وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان اللہ تبارک و تعالی کا بہت بڑا انعام ہے جس کے لئے ہمارے آبائو اجداد نے بہت بڑی قربانیاں دی ہیں۔ملک کو درپیش چیلنجوں کا تقاضاہے کہ ہم سب اپنی اپنی اناکے خول سے باہر نکل کر قومی مفاد کیلئے ایک ہو جائیں۔جمہوریت اور سیاست پاکستان سے ہے اس لئے ملک کی سلامتی ،ترقی اور خوشحالی کے لیے ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

ایسے وقت میں جب مقبوضہ کشمیر شوپیاں اور کولگام جیسے سانحات ہو رہے ہیں پاکستان میں سیاسی انتشار سے تحریک آزادی متاثر ہو گی۔جمہوری ،سیاسی اور اقتصادی طور پر مضبوط اور مستحکم پاکستان ہی کشمیریوں کا مضبوط وکیل ثابت ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

اس وقت قوم کو متحد کرنے کی اشد ضرورت ہے اور میڈیا کا اس حوالے سے بنیادی کردار ہے۔وزیر اعظم نے ان خیالات کا اظہار نجی ٹی وی کے معروف پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوے کیا۔

راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ ہر ریاستی ادارے کو اپنی متعینہ حدود و قیود میں رہ کر ہی فرائض منصبی ادا کرنے چاہیں اور اپنے آئینی کردار سے ہر گز تجاوز نہیں کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عام انتخابات ہونے جا رہے ہیں اس موقع پر قوم کی درست سمت میں رہنمائی کرنے کی ضرورت ہے اور اس میں میڈیا کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی خفیہ ایجینسی را کے پروگرام کے تحت کشمیریوں کی نسل کشی جاری ہے اور شوپیاں اور کولگام جیسے بدترین واقعات ہوے ہیں ایسے وقت میں پاکستان کو سیاسی استحکام کی ضرورت ہے تاکہ بھارت کے منصوبے کو بے نقاب کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان کی تمام سیاسی شخصیات کا احترام کرتے ہیں مگر ہم پاکستان میں ہونے والے تبدیلیوں سے بالکل بھی لاتعلق نہیں رہ سکتے۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ملک میں جمہوری روایات اور عوام کے ووٹ کا احترام کیا جانا چاہیے۔وزیراعظم نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ کشمیری عوام اور سیاسی جماعتوں کے قائدین میں مسئلہ کشمیر پر مکمل اتفاق رائے ہے اور اس سمت میں ہم سب ملکر آگے بڑھ رہے ہیں۔انہوں نے کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی جانب سے نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ پاک فوج بھارتی فوج کو ٹھیک ٹھاک انداز میں جواب دیتی ہے۔انہوں نے مادر وطن کیلیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج کے شہداء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔