ڈینگی بخار کے حوالے سے خطرے کے تدارک کے لیے ڈپٹی کمشنر سکندر ذیشان کی زیر نگرانی سرگرمیاں تیزی سے جاری

بدھ 25 اپریل 2018 19:36

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2018ء) ضلع نوشہرہ میںڈینگی بخار کے حوالے سے خطرے کے تدارک کے لیے ڈپٹی کمشنر سکندر ذیشان کی زیر نگرانی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں ۔اس حوالے سے ضلع کی مختلف تحصیلوں اور ملحقہ علاقوں میں ڈینگی آگہی واکس نکالی جارہی ہیں جبکہ محکمہ صحت ،ریسکیو 1122 افسران اور اہلکار مختلف جگہوں پر سکولوں اور عوامی مقامات پر آگہی سیشنز میں بھی عوام کو ڈینگی سے بچنے ، کھڑے پانی کو نکالنے اور مچھر مار سپرے اور مچھردانی کے استعمال کے حوالے سے تفصیل سے آگاہ کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ کمشنر جمشید خان نے شہر اور نواحی علاقوں میں ٹائر شاپس کے معائنہ کئے اور ان کو ہدایت کی کہ کھلے مقامات پر ٹائر ذخیرہ نہ کئے جائیں بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی ۔اسی طرح محکمہ کھیل نے ڈینگی سے آگہی کے حوالے ایک نمائشی کرکٹ میچ کا اہتمام ڈاگونوگراؤنڈ نوشہرہ کلاں میں کیا جہاں ڈی سی الیون اور سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے مابین میچ کھیلا گیا ۔ڈسٹرکٹ ممبر حاجی نوشیر خان اور سپورٹس افسر سلمان خان نے انعامات تقسیم کئے ۔لائق زادہ نے اس موقع پر شرکاء کو ڈینگی وائرس اور اس سے بچاؤ کے طریقوں پر بریف کیا ۔