کوئٹہ میںبم دھماکے اور دہشت گردی پاکستان کو عدم استحکام سے دوچارکرنے کی سازشوں کا حصہ ہے، صدر ملی مسلم لیگ

بدھ 25 اپریل 2018 19:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اپریل2018ء) ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد نے کہا ہے کہ کوئٹہ میںبم دھماکے اور دہشت گردی پاکستان کو عدم استحکام سے دوچارکرنے کی سازشوں کا حصہ ہے۔دہشت گردی کی بزدلانہ کاروائیوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔ملک سے دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے پاکستانی قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،افواج پاکستان اور پولیس اس ملک کے لئے لازوال قربانیاں پیش کر رہے ہیں۔

ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن کو روکنا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ملی مسلم لیگ نظریہ پاکستان کی بنیاد پر اتحادقائم کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبر پختونخواہ کے پانچ روزہ کامیاب دورے کے بعد لاہور پہنچنے پر اپنے دفتر میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

پانچ روزہ دورہ خیبر پختونخواہ میں ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد نے پشاور،ایبٹ آباد،ہری پور،مانسہرہ،بنوں،کوہاٹ،نوشہرہ،مردان میں نظریہ پاکستان کنونشن سے خطاب کیا اور ملی مسلم لیگ کے کارکنان سے ملاقاتیں کیں۔

سیف اللہ خالد نے کہا کہ خیبر پختونخواہ کی عوام سے جو پیار،محبت ملی اسے بھلایا نہیں جا سکتا۔ہر شہر میں ہونیوالے جلسوں،کانفرنسوں اورسیمینارز میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی اورملی مسلم لیگ کا بھر پور ساتھ دینے کا عزم کیا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان کو درپیش مسائل کا شعور عوام میں بیدار کرنا اور اتحاد کی ایک عظیم مثال قائم کر کے فرقہ واریت کا خاتمہ کرنا ہے۔

ملی مسلم لیگ یونین کونسل کی سطح تک خدمت کا کام منظم کرنا چاہتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ اس وقت ملک میں ایک عدم اعتماد کی کیفیت قائم ہے اورمختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے اپنے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کر رہے ہیں۔ کوئی بھوک ہڑتال کر رہا ہے تو کوئی کسی اور انداز سے اپنے مطالبات پیش کر رہا ہے۔ حکومت کو ان کے مسائل کی جانب خاص طور پر توجہ دینی چاہیے۔

انہوںنے کہاکہ ہم نے پاکستان سے ٹیکسوں کے سسٹم کی اصلاح کرنی ہے اور پاکستان میں بسنے والوں پر کم سے کم ٹیکس لاگو کر کے ان شاء اللہ پاکستان کو خود انحصاری کی نعمت سے مالا مال کرنا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ملی مسلم لیگ کو سیاست کے میدان میں بھرپور کردار ادا کرنے کے مواقع دیے جانے چاہئیں۔ ہم پاکستان کو متحد و مضبوط کرنے ، ملک سے تخریب کاری کا خاتمہ کرنے اور دفاعی طورپہ پاکستان کو ناقابل تسخیر بنانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔