عدالت نے مقابلے میں زخمی ملزم کی ضمانت ایک لاکھ روپے کے عوض منظورکرلی

بدھ 25 اپریل 2018 16:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2018ء) سندھ ہائی کورٹ میں مبینہ جعلی پولیس مقابلے میں زخمی ملزم کی ضمانت سے متعلق درخواست کی سماعت،عدالت نے مقابلے میں زخمی ملزم کی ضمانت ایک لاکھ روپے کے عوض منظورکرلی۔بدھ کو سندھ ہائی کورٹ میں مبینہ جعلی پولیس مقابلے میں زخمی شہری کامران کی ضمانت سے متعلق دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

عدالت میں ملزم کامران کے وکیل کا کہنا تھا کہ میرے موکل کو پولیس نے ہاف فرائی کرکے زخمی کردیا کامران کی ٹانگ میں گولیاں لگنے کی وجہ سے پوری ٹانگ خراب ہونے کا خطرہ ہے،میرے موکل کو گھرسے اٹھا کر جعلی پولیس مقابلے میں زخمی کیا گیا جس کے بعد اب وہ جیل کسٹڈی میں جناح اسپتال میں پڑا ہوا ہے لہذا انہیں ضمانت دی جائے تاکہ انکا کسی اچھے اسپتال سے علاج کرایا جاسکے۔دوسری جانب عدالت میں پبلک پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ ملزم پر 2007میں بھی ایف آئی آر ہوئی تھی۔ عدالت نے وکیل صفائی کا موقف سنتے ہوئے ملزم کامران کی ضمانت ایک لاکھ روپے کے عوض منظورکرلی۔واضح رہے کہ کامران کو 11 نومبر 2017 کو گلشن اقبال سے گرفتار کرکے مبینہ پولیس مقابلے میں زخمی کیا گیا۔