کپاس کو ملک کی اہم فصلوں میں ایک نمایاں مقام حاصل ہے،محکمہ زراعت

بدھ 25 اپریل 2018 16:10

ملتان۔25 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2018ء) محکمہ زراعت پنجاب ملتان کے ترجمان نے کہا ہے کہکپاس کو ملک کی اہم فصلوں میں ایک نمایاں مقام حاصل ہے کیونکہ یہ غیر ملکی زرمبادلہ کمانے اور ملکی ٹیکسٹائل کی صنعت کے فروغ میں اہم کردار ادا کررہی ہے ۔ ہمارے ملک میں اس وقت کپاس کی فصل میں ماسوائے چنائی کے باقی تمام مراحل مشینی کاشت کے ذریعے سر ا نجام دئیے جاتے ہیں۔

زرعی مشینری کی جدید تحقیق نے ڈرل کی کاشت سے بھی آگے نکل کرچوڑے بیڈ کو ٹھیک کرنے اور بجائی کے لیے بیڈ پلانٹرمہیا کردئیے ہیں۔ اس کے ذریعے بیج کی گہرائی اور پودوں کے درمیانی فاصلہ کو حسب ضرورت کم یا زیادہ کیا جاسکتا ہے۔ فروکی سائیڈ کم گہری اور زیادہ ڈھلوان ہونے کی وجہ سے گوڈی کرتے وقت کپاس کے پودوں پر مناسب مٹی چڑھتی ہے ۔

(جاری ہے)

اس سے پودوں کے درمیان جڑی بوٹیاں دب جاتی ہیں اور پودے آندھی سے نہیں گرتے۔

پانی لگنے کے بعد بیج والی جگہ کی مٹی نیچے گرتی ہے جس کی وجہ سے بیج کا اگائو بہتر ہوتا ہے اور ناغے بھی نہیں پڑتے۔ پانی کی بچت زیادہ ہوتی ہے پٹڑیوں پر کاشت کے لیے کھیت کا ہموار ہونا بہت ضروری ہے ۔ ترجمان نے مزید کہا کہ کاشتکارکپاس کی مشینی کاشت خشک پٹڑیوں پر کریں۔ مشین سے بیج لگانے کے بعد نالیوں میں پانی کی سطح بیج سے دوانچ نیچے رکھیں ۔ کاشت کے پہلے پانی کے بعد دوسرا پانی لازمی تین تا چار دن کے وقفہ سے لگائیں تاکہ بیج کا اگائو بہتر ہو۔ہاتھ سے بیج لگانے کی صورت میں پہلے نالیوں میں چھ تا سات انچ کی گہرائی تک پانی لگائیں ۔ اس کے فوراً بعد پانی کی سطح سے ایک انچ اوپر ہاتھ سے بیج لگائیں۔ اگر ناغے رہ جائیں تو دوسرے پانی کے وتر میں پورے کریں۔