پاکستان بجلی، تیل و گیس، ٹیلی کام اور مالیاتی خدمات کے شعبوں میں سرمایہ کاری پر پرکشش منافع پیش کرتا ہے

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی یو اے ای کے سفیر حمد عبید ابراہیم سالم الزابی سے ملاقات میں گفتگو، دوطرفہ تجارت کے بڑھتے ہوئے حجم پر اطمینان کا اظہار یو اے ای کے سفیر نے تیل و گیس کے شعبہ میں سرمایہ کاری کیلئے دلچسپی ظاہر کی

بدھ 25 اپریل 2018 16:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تجارت کے بڑھتے ہوئے حجم پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بجلی، تیل و گیس، ٹیلی کام اور مالیاتی خدمات کے شعبہ جات میں سرمایہ کاری پر پرکشش منافع پیش کرتا ہے۔ انہوں نے یہ بات یو اے ای کے سفیر حمد عبید ابراہیم سالم الزابی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے بدھ کو وزیراعظم آفس میں ان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے یو اے ای کے ساتھ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی تارکین وطن کی بڑی تعداد یو اے ای کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور برادرانہ تعلقات میں پل کے طور پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے یو اے ای کی ترقی اور پاکستان کو بالخصوص دور افتادہ علاقوں میں فراہم کی جانے والی انسانی ہمدردی معاونت کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تعاون ہمارے مضبوط رشتوں کا غماز ہے۔ وزیراعظم نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی طرف سے یو اے ای کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان اور عوام کیلئے نیک خواہشات پہنچائیں۔ یو اے ای کے سفیر نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کے تیل و گیس کے شعبہ میں سرمایہ کاری کیلئے یو اے ای کی دلچسپی ظاہر کی۔