چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ باہمی دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے،گورنر سندھ

سی پیک کی تکمیل سے پاکستان میں تعمیر و ترقی کے تیز رفتار دور کا آغاز ہوگا، روزگار کے مواقع بڑھیں گے، سیمینار سے خطاب

بدھ 25 اپریل 2018 15:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2018ء) گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ دونوں ممالک کے مابین گہری دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے کیونکہ حکومتوں کی تبدیلی اور وقت کے گزرنے سے اس پر کوئی اثر نہیں ہوا بلکہ یہ مزید مضبوط تر ہوتی جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سی پیک سمٹ اینڈ ایکسپو 2018 کے اختتامی سیشن سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ منصوبہ کی تکمیل سے معاشی ، تجارتی ، کاروباری اور اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا جس سے مقامی افراد کو روزگار کے وسیع تر مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 2013 میں پاکستان کو امن و امان اور توانائی بحران جیسے شدید خطرات لاحق تھے اور ان کے باعث سی پیک کے بارے میں کئی سوالات اٹھ رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 5 سال کی شب و روز محنت کی بدولت امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے جبکہ توانائی بحران بھی حل ہونے کے قریب ہے اور یہی وجہ ہے کہ پاکستان بھر میں تعمیر و ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہورہا ہے اور سی پیک کی تکمیل سے اس میں مزید تیز رفتار اضافہ ہوگا۔

گورنرسندھ نے کہا کہ منصوبہ کے تحت انفرا اسٹرکچر، موٹر ویز، انڈسٹریز، توانائی ، ریلوے اور بندرگاہوں کے شعبوں میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے ذریعے چینی اور پاکستانی مصنوعات کی بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو پائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل تھر کے کوئلہ کے بارے میں ہم سنتے تھے کہ 500 سال تک ملک کی بجلی کی ضروریات پورا کرنے کے لئے کافی ہے لیکن اس ضمن میں ماضی میں کوئی کام نہیں کیا گیا، اسے نکالنے اور بجلی کی پیداوار کے منصوبہ کا آغاز کرنا موجودہ حکومت کا اہم کارنامہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے منصوبہ کے تحت تھر کے عوام کو تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک میں توانائی کے شعبے کے لئے 34 ارب ڈالر کے منصوبوں کی دنیا میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ سی پیک منصوبہ کی تکمیل کے بعد پاکستان عالمی تجارت میں نمایاں کردار ادا کرے گا اور قدرتی بندرگاہ کے باعث گوادر کو عالمی سطح پر اقتصادی لحاظ سے منفرد مقام حاصل ہوجائے گا۔ اس موقع پر سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سنیٹر شیری رحمان، سنیٹر مشاہد حسین سید، حمید ہارون اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں گورنر سندھ محمد زبیر نے مقررین میں سووینیئرز بھی تقسیم کئے۔